لاہور (نیوزڈیسک)تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت لاہور میں قائم کردہ پہلی خصوصی عدالت نے کام شروع کر دیا۔ فوج اور عدلیہ کے خلاف لٹریچر کی تقسیم میں ملوث کالعدم تنظیم کے 12ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جنہیں عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کےلئے 29فروری کو طلب کر لیا ۔صوبائی دارالحکومت میں تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کو مقدمات موصول ہونا شروع ہو گئے جس کے بعد عدالت نے باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے ۔جیل حکام نے کالعدم تنظیم کے 12ملزمان آغا طاہر ، محمد نفیس ، سفیان ، عثمان ، سلیم ، انیس ، ارشد، شہزاد ، محمد علی ،فرخ ریاض ،ذیشان اور امجد اشرف کو عدالت کے روبرو پیش کیا ۔ عدالت نے ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کرتے ہوئے سماعت 29فروری تک ملتوی کر دی ۔ آئندہ سماعت پر ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی جائے گی ۔ غالب مارکیٹ پولیس نے چھ دسمبر 2014کو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے عدلیہ ، فوج اور حکومت کے خلاف تیس ہزار سے زائد پمفلٹ ، پچاس سی ڈیز اور دیگر ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا تھا ۔