ابو ظبی(نیوزڈیسک)متحدہ عرب امارات نے اطلاع دی ہے کہ اس کا ایک فوجی یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں فوجی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے تیاری کے دوران ایک حادثے میں جاں بحق ہوگیا ۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق وفاقی مسلح افواج نے فوجی عبید سالم البدوی کی موت کی اطلاع دی ہے۔اس نے بتایا ہے کہ فوجی سعودی عرب میں ایک فوجی گاڑی کے حادثے میں جان سے گیا ہے لیکن اس نے واقعے کی مزید تفصیل نہیں بتائی ہے۔متحدہ عرب امارات یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی فوج کی حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف لڑائی میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔اس اتحاد نے گذشتہ سال مارچ میں یمن کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کی حمایت میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے شروع کیے تھے اور اب اس کے زمینی دستے یمن کے مختلف علاقوں میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف لڑرہے ہیں۔حوثیوں نے ستمبر 2014ءسے یمنی دارالحکومت صنعا اور ملک کے دوسرے علاقوں پر قبضہ کررکھا ہے۔