لاہور( نیوزڈیسک) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نیب کو کسی کی پگڑی اچھالنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے ، الزام لگانے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے ، ثبوت کے بغیر الزام تراشی سے نجی زندگی متاثر ہوتی ہے ،ڈیڑھ سال سے جس طرح میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے اس کا حساب کون دے گا ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود احمد نے کہا کہ وہ سالانہ چار کھرب کا وژن پنجاب کو دیتے ہیں۔ ان کے ماضی اور حال پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ ساری زندگی اصولی سیاست کی ہے۔ نیب کو کسی کی پگڑی اچھالنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے ۔پہلے بھی کہا اور آج بھی کہہ رہا ہوں کہ میرا دامن صاف ہے۔ ایف آئی اے نے ویڈیو اسکینڈل میں انہیں کلین چٹ دی ہے۔ نیب لوٹی ہوئی دولت کی نشاندہی تو کرے۔ ڈیڑھ سال سے جس طرح میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے اس کا حساب کون دے گا۔رانا مشہود نے مزید کہا کہ جمہوری لوگ ہیں جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں لیکن ثبوت کے بغیر الزام تراشی سے نجی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ الزام لگانے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ منافقین اور حاسدین کو منہ کی کھانی پڑے گی ،اگر میرے خلاف کوئی کیس اور تو میں اس کےلئے تیار ہوں ،ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لے کر آئیں گے،میرے سمیت پارٹی کو ہر شخص انکوائری کےلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا پنجاب یوتھ فیسٹیول سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے انشاءاللہ جلد پھر یہ فیسٹیول منعقد کیا جائے گا ۔