اسلام آباد(نیوز ڈیسک)’شائننگ انڈیا‘ کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے بھارت کی ضعیف ترین خاتون نے بیت الخلاء کی تعمیر کیلئے بکریاں بیچ دیں جس پرمودی نے104سالہ خاتون کے پاؤں چھو لیے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی مرکزی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دھمتری میں104سالہ خاتون نے بیت الخلاء کی تعمیر کیلئے اپنی10بکریاں فروخت کردیں۔ ملک میں صفائی کی خصوصی مہم کیلئے بکریوں کی فروخت کرنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خاتون کنور بائی سے ملاقات کی اور ان کے پاؤں چھوئے۔اس موقع پر مودی نے خاتون کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے روشن بھارت کی ایک بڑی مثال قائم کی ہے اور اس طرح کے اقدامات سے کھلی جگہوں پر رفع حاجت کرنے والوں کی کمی ہوگی۔کنور بائی نے اپنی رہائش گاہ پر بیت الخلا ء کی تعمیر کیلئے اپنی 8سے 10بکریاں فروخت کیں اور گاؤں کے دیگر خاندانوں سے بھی انہوں نے درخواست کی کہ وہ بیت الخلاء تعمیر کرائیں۔کنور بائی ایسے گاؤں میں رہتی ہے جہاں ٹی وی نہیں پہنچا اور نہ ہی اخبار پڑھی جاتی ہے مگر کسی طرح ’شائننگ انڈیا‘ کا نعرہ اس خاتون تک پہنچ گیا اور انہوں نے اس پر عمل کرنے کیلئے اپنی بکریاں بیچ دیں۔وزیر اعظم نے ملاقات کے موقع پر لوگوں سے کہا کہ پسماندہ علاقے کے ضعیف افراد اپنے ملک کی بہتری کیلئے سرگرم ہو جائیں تو سمجھووہاں تبدیلی آرہی ہے۔ مودی نے کنور بائی کی اس کوشش پر گاؤں کیلئے صفائی کی سہولیات مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔