دبئی(نیوزڈیسک)پی ایس ایل کا تیسرا کوالیفائنگ فائنل آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائیگا، جیتنے والی ٹیم فائنل، جبکہ ہارنے والی ٹیم گھر واپسی کا ٹکٹ کٹوائے گی۔ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے تیسرے بڑے مقابلے میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان گھمسان کا رن پڑے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق جبکہ پشاور زلمی کی کمان شاہد آفریدی سنبھالیں گے۔ مصباح الیون کی پرفارمنس پر نظر ڈالی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 میچز میں فتح کا جھنڈا گاڑا اور 4 میں شکست کا مزا چکھا جبکہ لالہ الیون نے اب تک چھ میچوں میں حریفوں کو پچھاڑا اور صرف دو مقابلوں میں شکست سے دو چار ہوئی۔اس سے پہلے دونوں ٹیمیں پہلے مرحلے میں دوبار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جس میں پشاور زلمی نے کلین سوئپ کیا، آج کے اہم میچ میں سابقہ ریکارڈ کیمطابق پشاور کا پلڑہ بھاری ہے، جیتنے والی ٹیم کو فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کڑا امتحان پیش ہو گا۔نجی ٹی وی کے مطابق معروف آسٹرالوجسٹ ماموں نے بھی پشاور زلمی کی جیت کے 100 فیصد امکانات کا اعلان کر دیا ہے۔