انقرہ(نیوز ڈیسک) ترکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شام کی حکومتی افواج کی جانب سے ملک کے شمالی شہر حلب پر حملوں کے بعد وہاں سے نقل مکانی کر کے ترکی کا رخ کرنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں لاکھوں میں ہو سکتی ہے۔ ترک نائب وزیرِ اعظم نعمان کرتلمس کا کہنا ہے کہ اس وقت ترکی اور شام کی سرحد کے ساتھ قائم کیے گئے نئے کیمپوں میں 77 ہزار افراد پناہ گزین ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ حالات بدتر ہوئے تو یہ تعداد چھ لاکھ تک پہنچ سکتی ہے تاہم انھوں نے واضح کیا کہ ان کا ملک ان پناہ گزینوں کی شامی سرحد کے اندر ہی امداد کرتا رہے گا۔ ترکی کے امدادی کارکنوں نے شامی علاقے میں ان ہزاروں نئے پناہ گزینوں کے لیے کیمپ قائم کر دیے ہیں جنھیں ترک حکومت نے سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ نعمان کرتلمس کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح پہلے سے موجود پناہ گزینوں اور نئے پناہ گزینوں کی بڑی تعداد میں ممکنہ آمد، دونوں سے نمٹنا ہے۔