لاہور(نیوز ڈیسک)پی ایچ ایف نے پاکستان ہاکی لیگ کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا، سیکریٹری فیڈریشن شہباز سینئر کے مطابق ملک کی پہلی پروفیشنل ڈومیسٹک لیگ میں بھارت سمیت متعدد ملکوں کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو مدعو کریں گے، اس ماہ کے آخر یا مارچ کے آغاز تک منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔خبر رساں ادارے سے بات چیت میں انھوں نے کہاکہ لیگ ملک میں ہاکی کی عظمت کو واپس دلانے میں سنگ میل اور ہمیں عالمی حکمرانی دوبارہ دلانے میں مددگار ثابت ہوگی، سابق اولمپئن نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کے کچھ بہترین پلیئرز کے ساتھ ایک سرگرم لیگ کا پلیٹ فارم مہیا کر کے دوبارہ سے تعمیری عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہر ملک کے بہترین کھلاڑیوں کو مدعو کریں گے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ افتتاحی سیزن میں کوئی یورپی کھلاڑی شرکت کرے گا۔انھوں نے کہا کہ بھارت سے 4 یا5کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے دعوت دی جائے گی، مجھے پورا اعتماد ہے کہ ابتدائی طور پر بھارتیوں سمیت ملائیشیا، کوریا اور دیگر ایشیائی ممالک کے کھلاڑی لیگ میں شرکت کریں گے، شہباز نے واضح کیا کہ وہ اور پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر خالد کھوکھر جنوبی ایشیائی گیمز کے کسی میچ کو دیکھنے بھارت نہیں جائیں گے