لاہور(نیوزڈیسک) ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ کی فہرست تیار کرلی گئی۔ چیئرمین شہریار خان کی منظوری سے کھلاڑیوں کا اعلان آج کو متوقع ہے۔ اتوار کو ا?ئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کی ڈیڈلائن ختم ہوگئی۔ اب ہر صورت میں پاکستان ٹیم کا اعلان ہونا ہے۔ پی ایس ایل میں کراچی کے خلاف کوئٹہ کی جانب سے 71رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے کے بعد احمد شہزاد کو ایک اور لائف لائن مل سکتی ہے۔محمد رضوان ، عمر گل اور صہیب مقصود کی رخصتی کا امکان روشن ہے، کامران اکمل کی واپسی محمد رضوان کی پوزیشن خطرے میں ڈال دے گی۔ رومان رئیس اور محمد نواز کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔ احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ یہ اننگز کھیل کر میں نے سلیکٹرز پر پریشر نہیں ڈالا ہے جو سلیکٹرز کا دل کرے اور جو بہترین ٹیم وہ منتخب کرنا چاہیں ان کا حق ہے۔ ہر کھلاڑی کے کیریئر میں عروج و زوال آتا ہے میں ابھی کم عمر ہوں اور کوشش کروں گا کہ جلد اپنی خامیوں کو دور کر لوں۔ دیگر ملکوں میں کھلاڑی پندرہ سولہ اننگز میں ناکام ہوجاتے ہیں لیکن سلیکٹرز اس کھلاڑی کی صلاحیت دیکھ کر اس پر اپنا اعتماد دکھاتے ہیں۔ کھلاڑی کو سپر اسٹار بنانے کے لئے ایک کندھے کی ضرورت ہوتی ہے۔ کھلاڑی کی حیثیت سے مجھے غیر ضروری باتیں سننے کو ملتی ہیں اور کوشش کرتا ہوں کہ ان باتوں کو نظر انداز کرکے اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کروں۔ نیوزی لینڈ میں میں نے سو فیصد کارکردگی دکھائی۔