ڈھاکہ(نیوزڈیسک)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)کے صدر نظم الحسن نے کہا ہے کہ تیز گیند باز مستفیض الرحمان کے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کھیلنے کے بہت کم امکانات ہیں۔بنگلہ دیشی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے عندیہ دیا کہ بی سی بی اس حوالے سے بورڈ اجلاس میں فیصلہ کرے گا جبکہ مستفیض الرحمان کو مالی معاوضہ دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مستفیض جسمانی طور پر زیادہ طاقت ور نہیں ہیں اور وہ اس پر کام کررہے ہیں، انہوں نے پچھلے میچ میں بھی تکلیف کا اظہار کیا تھا۔ ایسی حالت میں ان کا باہر جاکر کھیلنا مشکل ہوگا،ہم عالمی ٹی ٹوئنٹی سے قبل کوئی چانس نہیں لے سکتے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ فٹ ہوجاتے ہیں تو انہیں ایشیا کپ میں کھلایا جائے گا لیکن موجودہ صورت حال میں انہیں باہر کھیلنے کے لیے بھیجنا بہت مشکل ہوگا۔مستفیض الرحمان پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے۔انہوں نے پاکستان، ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ان کے علاوہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، تمیم اقبال اور مشفق الرحمان بھی پی ایس ایل کے لیے منتخب ہوئے تھے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے کپتان جیسن ہولڈر کو این او سی جاری کرنے سے انکار کیا تھا۔ اس سے قبل تین انگلش کھلاڑی سیم بلنگز، جیمز ونس اور کرس جارڈن پی ایس ایل کے تمام میچ کھیلنے سے معذرت کرچکے ہیں کیونکہ انہوں نے 17 فروری سے جنوبی افریقی لیگ کھیلنا ہے۔ 4 سے 23 فروری کے درمیان کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ میں دنیا کے نامور کھلاڑی 24 میچز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔