لاہور(نیوز ڈیسک)قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو ممنوعہ ادویات استعمال کیے جانے کے کیس میں معاف کیے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق کرکٹ بورڈ نے معاملے کی نوعیت کے حوالے سے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگا ہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی بھی اس معاملے پر یاسر شاہ کے لیے نرم موقف رکھتی ہے اوراگرچہ انہیں سزا کا امکان تو نہیں ہوئی لیکن اگر ہوئی تو انتہائی کم ہوگی۔چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29سالہ لیگ سپنر کی جانب سے اس معاملے پر آئی سی سی کے سامنے موقف پیش کر دیا ہے تاہم آئی سی سی نے اس معاملے پر تبصر ہ کرنے سے منع کیا ہے۔شہریار خان کے مطابق یاسر شاہ نے ممنوعہ ادویات کا استعمال جان بوجھ کر نہیں کیا اس لیے سزاکی صورت میں کم سے کم کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ یاسر شاہ نے اپنی اہلیہ کی بلڈ پریشر کم کرنے کی دوائی غلطی سے استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔