ویلنگٹن(نیوز ڈیسک) گرین شرٹس نے رسوائیوں کی نئی داستان رقم کر دی، ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ سے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سیریز گنوانے کے ساتھ کئی ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیے، مہمان ٹیم کو 95 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، رنز کے اعتبار سے گرین شرٹس کی یہ سب سے بڑی شکست ہے، اس سے قبل 2012 میں کینگروز نے 94 رنزسے فتح اپنے نام کی تھی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے یہ سب سے بڑی فتح شمار ہوئی، کیویز نے 2009 میں ا?ئرلینڈ کے خلاف 83 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔نیوزی لینڈ کے 5وکٹ پر 196رنز کسی بھی ٹیم کا پاکستان کے مقابل تیسرا بڑا ٹوٹل ہے، اس سے قبل گرین شرٹس کیخلاف سری لنکا نے 211 جب کہ ا?سٹریلیا نے 197 رنز کا مجموعہ پایا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ناکام کپتانوں کی فہرست میں شاہد آفریدی دوسرے نمبر پر آگئے، انھیں جمعے کو 18 ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی 23 میچز ہار چکے ہیں۔کیوی آل راو¿نڈرکورے اینڈرسن دنیا کے تیسرے ایسے کھلاڑی ہیں جنھوں نے کسی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں 75 رنز بنانے کے ساتھ 2 وکٹیں بھی حاصل کیں، اس سے قبل محمد حفیظ اور ڈیوڈ ہسی بھی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں، مارٹن گپٹل مختصر فارمیٹ میں 150 چوکوں اور50 چھکوں کا ڈبلز مکمل کرنے والے دوسرے بیٹسمین کے طور پر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوگئے۔