لاہور(نیوز ڈیسک)چیئرمین پی سی بی نے نیوزی لینڈ میں شکستوں پر کرکٹرز سے باز پرس کے امکانات مسترد کردیئے۔ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کیویز کیخلاف قومی ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں تھی، بولرز نے توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کیا، ہدف بڑا ہونے کی وجہ سے بیٹسمین بھی ابتدا میں ہی جدوجہد کرنے لگے اور وکٹیں گنوائیں۔ میزبان فیلڈرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی مشکل کیچز بھی لیے، گرین شرٹس کو بھی اس معیار پر آنا ہوگا، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ہمیں فٹنس اور فیلڈنگ پر مزید کام کرنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ کپتان اور کھلاڑی اپنے طور پر بڑی محنت کرتے ہیں لیکن بعض اوقات کرکٹ میں مثبت نتائج حاصل نہیں ہوتے، ٹی ٹوئنٹی میں تو صورتحال بہت جلد تبدیل ہوجاتی ہے۔ ایک سوال پر چیئرمین نے کہا کہ سیریز میں حالیہ ناکامیوں پر کرکٹرز سے کوئی باز پرس نہیں ہوگی،آپس میں بیٹھ کر مسائل کا جائزہ لیںگے، کوچ اور کپتان سے پہلے کی طرح بات چیت ضرور ہوگی لیکن کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کا ارادہ نہیں ہے۔