لاہور( نیوزڈیسک)پاکستانی شائقین کرکٹ کی طرف سے قومی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں عبرتناک شکست پر شدید تنقید کی گئی ہے ،کئی دل جلے شائقین نے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کرکے اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔95 رنز کی بڑی شکست پر جواد امجد نامی ٹوئٹر صارف نے آئی سی سی کو مشورہ دیا کہ پاکستانی بلے باز زیادہ لمبی بیٹنگ کرنا پسند نہیں کرتے ہیں اس لیے کرکٹ میں اس سے بھی مختصر فارمیٹ متعارف کروایا جائے۔ابتحاج اعوان نے ایک تصویر شیئر کی جس میں کچھ بچوں کو گیند اور بیٹ پکڑے دکھایا گیا اور ساتھ میں یہ لکھا تھا کہ’’ہیلو پاکستان کرکٹ ٹیم، ایک میچ ہم سے بھی پلیز‘‘۔ایک خاتون ٹوئٹر صارف ماریہ فتح نے پہیلی پوچھنے کے انداز میں لکھا کہ ’’دو پڑوسیوں نے دو پڑوسیوں کو شکست دے دی ۔۔۔اگر آپ سمجھ سکیں تو۔’صفدر شہزاد اور محمد ارسلان نامی ٹوئٹرصارفین نے شکست پر کپتان شاہد آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔صفدر شہزاد نے شکست پر لوگوں کو خوش ہونے کی منطق سمجھاتے ہوئے شاہد آفریدی کے حوالے سے لکھا کہ ’’ٹاس ہم جیت گئے اور میچ نیوزی لینڈ جیت گیا حساب برابر ہوگیا۔ محمد ارسلان نے آفریدی کا حوالہ دیتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ہماری اخلاقی فتح ہوئی ہے کیونکہ ٹاس ہم نے جیتی تھی۔ٹوئٹر صارف حسام احمد نے تبصرہ کیا کہ پاکستانی بلے باز اور انڈین بالرز کا حال ایک جیسا ہے کیونکہ ایک بیٹنگ نہیں کر سکتے اور دوسروں کو بالنگ نہیں آتی۔