کراچی(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت کے اہم ترین ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورے کے بعد سعودی عرب اور ایران نے اپنے مابین کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کو ثالثی کا مینڈیٹ دے دیا ہے۔پاکستانی حکام کو دونوں ممالک کی حکومت کی جانب سے گرین سگنل دیا گیا ہے کہ پاکستان تعلقات کی بحالی کے لیے مربوط تجاویز اور فریم ورک تیار کرلے۔اس تجاویز کے جائزے کے بعد دونوں ممالک اپنی مشاورت مکمل کرنے کے بعد مذاکرات کے آغاز کے لیے اپنی پالیسی کا تعین کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دونوں ممالک میں تعلقات کی بحالی کے لیے پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کے آغاز کے لیے سفارتی حکمت عملی پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔اس حکمت عملی کے تحت پاکستان سعودی اور ایرانی حکام سے دوبارہ اعلیٰ سطح پر سفارتی رابطہ کرے گا اوردونوں ممالک سے فوکل پرسنز کے مقرر کرنے کی درخواست کی جائے گی۔یہ فوکل پرسنز اپنی حکومت کے مذاکراتی رابطہ کار کے طور پر کام کریں گے۔ اس مرحلے میں پاکستان ،سعودی عرب اور ایران کے فوکل پرسنز مقرر ہونے کے بعد ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس باہمی اتفاق رائے سے طلب کی جاسکتا ہے ۔