ہملٹن(نیوز ڈیسک) نیوزی لینڈ نے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کی شاندار بلے بازی اور ریکارڈ پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دس وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1سے برابر کرلی ہے ٗ پاکستا ن کی جانب سے دیا گیا 169 رنز کا ہدف کیوی بلے بازوں نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 17.4اوورز میں پورا کر لیا ٗ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 83 اور ولیمسن نے 72 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ٗ محمد عامر سمیت کوئی بھی پاکستانی باؤلر وکٹ حاصل نہ کر سکا ٗ دونوں ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 جنوری کو ولنگٹن میں کھیلا جائیگا۔ہملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر ترجیح دی تو اوپنرز نے پاکستان کو مناسب آغاز فراہم کیا ٗپاکستان کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں اس وقت ہوا جب 29 کے مجموعے پر احمد شہزاد 9 رنز بنانے کے بعد کوری اینڈرسن کی وکٹ بنے۔محمد حفیظ سے بھی اپنے ساتھی کی جدائی زیادہ دیر برداشت نہ ہوئی اور 34 کے مجموعی اسکور پر 23 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس دوران پاکستان کا رن ریٹ سلو ہو گیا، شعیب ملک اور صہیب مقصود نے آٹھویں اوور کی دوسری گیند پر پاکستان کے 50 رنز مکمل کرائے تاہم 67 کے اسکور پر صہیب مقصود 18 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا گئے۔شعیب کا ساتھ نبھانے عمر اکمل پہنچے تو دونوں نے تیزی سے رنز بنانے شروع کیے اور 14ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔دونوں بلے بازوں نے تیزی سے کھیلتے ہوئے 16 اوور میں اسکور کو 127 تک پہنچا دیا لیکن 17ویں اوور میں شعیب ملک مچل میک کلینیگن کی وکٹ دے بیٹھے۔شاہد آفریدی نے آتے ہی ایک چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر دوسرا چھکا لگانے کی کوشش آؤٹ ہو گئے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود عمر اکمل نے جارحانہ بلے بازی کی اور 22 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے ففٹی مکمل کی۔عماد وسیم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے جبکہ سرفراز نے عمر کیلئے اپنی وکٹ کی قربانی دی اور اس طرح پاکستان نے مقررہ اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 168 رنز بنائے، عمر اکمل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 56 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کسی بھی پاکستانی باؤلر میں خاطر میں نہ لائے اور بہترین بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو دس وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیادونوں کھلاڑیوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے ناقابل شکست 171 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔گپٹل نے 82 اور ولیمسن نے 71 رنز بنائے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 جنوری کو ولنگٹن میں کھیلا جائیگاادھر کپتان شاہد خان آفریدی نے بلے بازوں کی کار کر دگی پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ باؤلرز توقعات پرپورا نہیں اتر سکے ۔شاہد آفریدی نے کہاکہ اگلا میچ جیتنے کی پوری کوشش کرینگے ۔