اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایل این جی کی خریداری کے لیے پی ایس او کو قطر کے ساتھ 15سالہ معاہدہ کرنے اور کاشتکاروں کو گنے کی پوری قیمت دینے والی شوگرملز کو چینی کی برآمد پر سبسڈی کی منظور دیدی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے پی ایس او کو قطر گیس کمپنی کے ساتھ ایل این اجی کی خریدوفروخت کا 15سا لہ معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی ،اجلاس میں صوبہ پنجاب کو 4لاکھ ٹن ،سندھ کو 2لاکھ ٹن اضافی گندم برآمد کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔کمیٹی نے عالمی مارکیٹ میں کم قیمت کے باعث چینی کے برآمد کنندگان کو سبسڈی فراہم کرنے کی منظوری بھی دی ہے، سبسڈی اسکیم فوری شروع ہو گی جو 15مارچ تک جاری رہے گی۔تاہم یہ سبسڈی صرف ان شوگر ملز کو ملے گی جو کسانوں سے حکومت کے مقرر کردہ نرخوں 180 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے گنا خریدیں گے۔