واشنگٹن(نیوزڈیسک)کاروباری برادری کیلئے خوشی کی بڑی خبر،پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی،بجٹ خسارہ آٹھ اعشاریہ چار فیصد سے کم ہوکر جی ڈی پی کا پانچ اعشاریہ چار فیصد رہ گیا سال دوہزار تیرہ میں مشکل حالات کے باوجود پاکستان کی معیشت نے ترقی کی، عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے مہنگائی اور مالی خسارہ کم ہوگیا، زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا۔واشنگٹن میں عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹیو بورڈ اور پاکستانی حکام کے درمیان مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے کہا کہ مالی سال دوہزار تیرہ میں تین اعشاریہ سات فیصد معاشی ترقی کے مقابلے میں مالی سال دوہزار چودہ میں چار اعشاریہ دو فیصد ترقی ریکارڈ کی گئی۔حکومت نے بجلی پر سبسڈی کم کی اور ٹیکس محصولات میں اضافہ کیا، آئی ایم ایف حکام کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوششوں کے باعث بجٹ خسارہ آٹھ اعشاریہ چار فیصد سے کم ہوکر جی ڈی پی کا پانچ اعشاریہ چار فیصد رہ گیا۔ حالیہ برسوں میں مالیاتی شعبے میں ترقی اور بینکنگ سیکٹر میں بہتری ہوئی، آئی ایم ایف حکام نے کہا کہ حکومت نے مراعات اور چھوٹ دینے کے نظام کو بہتر کیا، ٹیکس وصولی میں بہتری اور صوبائی ٹیکس حکام سے رابطوں کو بڑھایا۔