لندن(آئی این پی ) پیرس حملوں کے بعد مسلمانوں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں،لندن ائیرپورٹ پر برطانوی مسلم خاندان کو امریکا جانے سے روک دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں ڈزنی لینڈ کی سیر کے لیے جانے والے برطانوی مسلم خاندان کو لندن کے ایئرپورٹ پر حکام نے فلائٹ میں سوار ہونے سے روک دیا۔ لندن ایئرپورٹ پر ایک مسلم فیملی جو کہ امریکا میں چھٹیاں گزارنے کے لیے ڈزنی لینڈ کی سیر کو جانا چاہتے تھی لیکن حکام نے پوری فیملی کو لندن کے گیٹ وک ائیرپورٹ پر دہشت گردی کے خطرے پیش نظر جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا۔ واقعے پر برطانوی مسلم خاندان کے سربراہ طارق محمود کا کہنا تھا کہ 15 دسمبر کو ان کے خاندان کے 11 افراد جن میں ان کا بھائی اور بیٹے شامل تھے امریکا جانے کے لیے لندن ایئرپورٹ پہنچے جہاں حکام نے کوئی وضاحت پیش کیے بغیر انہیں جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم خاندان کو امریکا میں داخلہ نہ دینے کے حوالے سے نہ صرف امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی بلکہ لندن میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔