پیرس(نیوزڈیسک)فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہونے والی 21ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ کانفرنس 30نومبر سے 11دسمبر تک جاری رہے گی ۔ اس میں 138 ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کریں گے جو اتوار فرانس پہنچیں گے کانفرنس پیرس کے شمالی مضافاتی علاقے لابرجے میں منعقد ہوگی۔کانفرنس کی اہمیت کے پیش نظر اور 13 نومبر کی دہشت گردی کے بعد ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔حتیٰ کہ غیر ملکی سربراہوں کی آمد کے موقع پر 29 اور 30 نومبر کو گاڑیوں کی نقل وحمل کو کم سے کم رکھنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔توقع کی جا رہی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک نئے ممکنہ عالمی معاہدے کی تشکیل پر مذاکرات کیے جائیں گے۔ ان مذاکرات میں گرین ہاﺅس گیسوں کے اخراج میں کمی پر بات کی جائے گی تاکہ ملکوں کے غیر محتاط ہونے کی وجہ سے دنیا میں بڑھتے ہوئے درجہ جرارت پر قابو پایا جا سکے۔