ماسکو(نیوزڈیسک) روسی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ ولادیمیر جیرنووسی نے ترکی کو روس کا دشمن نمبر ایک قرار دیتے ہوئے صدر پیوٹن کو مشورہ دیا ہے کہ ترکی پر ایٹم بم گراکر اسے صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے۔ ولادیمیر جیرنووس نے صدر پیوٹن سے کہا ہے کہ ایٹم بم گرا کر کم ازکم استنبول کو تباہ کردیا جائے جہاں 90 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے ترکی کی جانب سے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایس یو 24 طیارے کو مارگرانے کے فیصلے کو احمقانہ بھی قرار دیا۔ولادیمیر جیرنووسنے کہا کہ نیوکلیئر حملے سے استنبول کو بہت آسانی سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔ استبول کے پاس موجود آبنائے (باسفورس) پر ایک ایٹم بم گرانے سے استنبول کو مٹایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سمندری راستے پر بم گرنے سے 10 سے 15 میٹر بلند لہریں پیدا ہوں گی جس سے استنبول میں سیلاب آجائے گا اور 90 لاکھ افراد ہلاک ہوجائیں گے۔لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ کا بیان ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے روس کو خبردار کیا تھا کہ وہ آگ سے نہ کھیلے۔واضح رہے کہ ترکی نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر روس کا جنگی طیارہ مار گرایا تھا جب کہ حکام کا کہنا تھا کہ ہراس طیارے کو مار گرایا جائے گا جو ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں