اسلام آباد(نیوز ڈیسک)تاریخ میں پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات میں قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں کل بروز پیر یوم شہدا عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائیگا۔ پوری قوم اس روز شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ دوسری جانب 2 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کا قومی دن بھی منایا جائیگا۔ اس سلسلے میں حکومت نے کل بروز پیر سے آئندہ ہفتے تک 5یوم کی چھٹی کا بھی اعلان کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے 30نومبر کو سالانہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ اس روز صبح 8بجے سے 11بجے تک قومی پرچم سرنگوں رہے گااور اسکے بعد شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی، جس کے بعددوبارہ پرچم کشائی کی جائیگی۔ اس موقع پر ابوظبی کی شہری انتظامیہ کی جانب سے 25ہزار جھنڈے اور قمقمے لگائے گئے ہیں۔