دوحہ( آن لائن )قطر کی عدالت نے ایک عورت کو موبائل فون ایپلی کیشن وٹس ایپ کے ذریعے ایک مرد کو توہین اور دھمکی آمیز پیغام بھیجنے کے الزام میں چھ ماہ جیل اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس عورت پر اس کے لیے رہائش کا بندوبست کرنے والے ایک مرد کو دھمکی آمیز پیغام بھیجنے کا الزام تھا۔ اس خاتون کو قطر میں گزشتہ سال سے نافذ سائبر کرائم قانون کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔ اس قانون کے تحت یہ پہلا مقدمہ ہے جس کا عدالت نے فیصلہ سنایا ہے اور عورت کو قصور وار قرار دے کر سزا دی ہے۔ اس قانون کے تحت ملک کی سماجی اقدار یا امن عامہ کے لئے ضرر رساں مواد کی آن لائن اشاعت یا تشہیر کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ یہ خاتون گھر خالی کروانے پر مالک مکان سے سخت نالاں تھی۔ اس عورت نے اس شخص کو ملک سے بے دخل کرانے کی بھی دھمکی دی تھی۔