لاہور ( این این اائی) جدید ٹیکنالوجی میں سرفہرست عالمی کمپنی ہواوے نے حال ہی میں نہایت تیزی سے چارج ہونے والی بیٹریاں ایجاد کر لی ہیں۔ان سوپر چارجنگ بیٹریوں کو گذشتہ دنوں جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش کے دوران متعارف کروایا گیا ۔ ہواوے نے اس جدید نوعیت کی دو مختلف بیٹریاں ایجاد کر لی ہیں جن میں ایک کی قوت 600mAh ہے اور دوسری بیٹری کی قوت 3000 mAh ہے ، ان دونوں بیٹریوں کی ایک خصوصی ویڈیو بھی نمائش کے دوران صارفین کو دکھائی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 600 mAh والی بیٹری صرف 2 منٹ میں 68 فیصد چارج ہو جاتی ہے جبکہ 3000 mAh والی بیٹری صرف پانچ منٹ میں 48 فیصد چارج ہو جاتی ہے۔ اتنی تھوڑی سی چارجنگ کے بعد یہ بیٹریاں ہواوے کے موبائل فونز کو مسلسل 10 گھنٹے کی فون کالز تک چلاتی رہتی ہیں۔تاہم ابھی تک ہواوے نے یہ اعلان نہیں کیا کہ یہ سوپر چارجنگ بیٹریاں مارکیٹ میں دستیاب ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔ مگر یہ بات یقینی ہے کہ یہ Lithium-ion بیٹریاں عام بیٹری کے مقابلے میں دس گنا زیادہ رفتار سے چارج ہوتی ہیں۔