نئی دہلی (نیوزڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ معاملات کے حوالے سے وزیراعظم نریندر مودی کی اجازت کی ضرورت نہیں ۔نئی دہلی میں ایک تقریب کے بعد ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے ۔بھارتی کرکٹ بورڈ ایک خود مختار ادارہ ہے وہ جس ملک کے ساتھ کھیلنا چاہے بھارتی سرکار اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس اس سے بھی بڑے معاملات موجود ہیں جن پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پر پاکستا ن کے ساتھ کرکٹ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے حوالے سے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کوئی دبائو نہیں ڈالا گیا۔ دریں اثناء بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم شو سینا نے بھارتی حکومت کو کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔