اسلام آباد(نیوز ڈیسک)فیس بک کی جانب سے ترقی پذیر ممالک میں انٹرنیٹ کی سہولت پہنچانے کے لیے دو اہم اعلان کیے، ایک تو سورج کی توانائی سے اڑنے والا طیارہ جو انٹرنیٹ پہنچائے گا اور لیزر شعاع جو فی سیکنڈ 10 گیگا بائٹس ڈیٹا اس طیارے کو ٹرانسمیٹ کرے گی۔ یہ دونوں مل کر دنیا کے دور دراز خطوں تک بھی وائرلیس انٹرنیٹ کی سہولت پہنچا سکیں گے۔ اکیویلا نامی یہ طیارہ کسی الیکٹرک کار کے مجموعی وزن کا ایک تہائی بھی نہیں اور یہ تین ماہ تک بلاتعطل اتنی بلندی پر پرواز کرسکتا ہے جہاں تک عام کمرشل طیارے نہیں اڑتے جب کہ لیزر کی مدد سے نیچے لوگوں کو انٹرنیٹ سے منسلک کرسکے گا۔ فیس بک کے انجنیئرنگ ڈائریکٹر یائیل میگیور کے مطابق ہم نے ایسی نئی ٹیکنالوجی کی تیاری پر کام کیا ہے جس کے ذریعے دور دراز خطوں کے باسیوں کو بھی انٹرنیٹ سے منسلک کیا جاسکے۔ فیس بک کے مطابق اس طیارے کی آزمائشی پروازیں رواں سال کے آخر تک شروع ہوجائیں گی۔