جدہ(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے سابق فرماں روا شاہ فیصل بن عبدالعزیز کے صاحبزادے شہزادہ بندر الفیصل انتقال کر گئے۔وہ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور مرحوم وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے بھائی بھی تھے۔ بندر الفیصل کی عمر 72 سال تھی۔ شاہی دیوان سے جاری بیان کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ دارالحکومت ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ خالد الفیصل کے علاوہ شاہی خاندان کے افراد ،علماء4 اور مشایخ نے بھی شرکت کی ، تدفین العود قبرستان میں ہوئی۔مرحوم نے سیکنڈری تعلیم امریکا سے حاصل کی تھی جبکہ گریجویشن برطانیہ کے رائل ائیر فورس کالج کرانول سے کی۔ وہ سعودی عرب کی شاہی فضائیہ میں خدمات انجام دیتے رہے اور اس میں جنرل کے عہدے تک پہنچے۔وہ 2007 میں ریٹا ئر منٹ سے پہلے 15 برس تک وزیر دفاع اور ہوابازی کے دفتر میں سینئر مشیر کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔مرحوم شہزادہ بندر اپنی خیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی شہرت رکھتے تھے۔