اتوار‬‮ ، 29 ‬‮نومبر‬‮ 2026 

سراجیو۔۔خواب ناک شہر

datetime 29  ‬‮نومبر‬‮  2026

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے مفت نہیں ہے‘ آپ ماہانہ 10300 یا 5300 روپے ادا کر کے ہمارے مستقل واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں جہاں آپ کو جاوید چودھری کے کالم وقت سے پہلے اور اشتہارات کے بغیر ملیں گے‘ ہمارا واٹس ایپ گروپ ایکٹو ہو چکا ہے‘اس گرو پ میں جاوید چودھری صاحب بھی شامل ہیں‘ آپ جاوید چودھری صاحب سے کالم سے متعلق سوال بھی کر سکتے ہیں‘ وہ خود آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ آپ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے موبائل نمبر   5362221  92332+پر امجد خلیفہ سے رابطہ کر سکتے ہیں لیکن آپ اگر مستقل ممبر نہیں بننا چاہتے تو بھی آپ کو اخلاقی طور پر اس تحریر کی کچھ نہ کچھ پے منٹ ضرور کرنی چاہیے‘ آپ خود اس تحریر کی قیمت کا فیصلہ کر کے اپنی رقم  5366774 0310موبائل نمبر پر جمشید خان کو ایزی پیسہ کر سکتے ہیں۔

سراجیو۔۔خواب ناک شہر

سراجیو کا اولڈ ٹائون شہزادے کی گاڑی اور مرڈر سائیٹ سے شروع ہوتا ہے‘ اس میں قدیم مسجدیں‘ پرانا بازار‘چرچ‘ سینا گوگ‘ سبیل اور سینکڑوں کبوتر ہیں‘ سبیل چوک سراجیو کا شناختی نشان ہے‘

یہ لکڑی کی چھوٹی سی قدیم عمارت ہے جس کے سامنے پانی کی ٹوٹیاں لگی ہیں‘ پانی پہاڑوں سے براہ راست آتا ہے اور ٹھیک ٹھاک ٹھنڈا ہوتا ہے‘ یہ عثمانی گورنر محمود پاشا کوکا وچا (Kokavica) کی نشانی ہے‘ گورنر نے 1753ء میں سبیل بنائی تھی‘ اس کے لیے پہاڑوں سے پکی مٹی کے پائپوں کے ذریعے پانی لایا گیا تاکہ مسافر‘ ان کے گھوڑے اور پانی سے محروم لوگ اپنی پیاس بجھا سکیں‘سبیل سارا سال رواں رہتی ہے‘ اس کے بارے میں مشہور ہے جس نے اس کا پانی پی لیا وہ دوبارہ سراجیو ضرور آئے گا‘ عثمانی دور میں پورے شہر میں اس قسم کی درجنوں سبیلیں تھیں‘ ان کی وجہ سے لوگوں کو گھروں میں کنوئیں نہیں کھودنا پڑتے تھے‘ آسٹرین ہنگرین دور میں سبیل کو آگ لگ گئی جس کے بعد یہ بند ہوگئی لیکن پھر بادشاہ کے حکم پر دوبارہ بنائی گئی اور یہ اب تقریباً سوا سو سال سے رواں ہے‘ اس کے دائیں بائیں سارا دن سینکڑوں کبوتر بیٹھے رہتے ہیں‘ سیاح انہیں دانا ڈالتے ہیں جس کی وجہ سے یہ چوک لندن کا ٹریفالگر سکوائر بن گیا ہے‘

سبیل کے گردونواح میں ترکش سٹائل کے قہوہ خانے‘ کافی شاپس اور ریستوران ہیں جب کہ گلیوں میں چمڑے اور دھات کی مصنوعات‘ چینی کے برتن اور مقامی کپڑوں کی دکانیں ہیں‘ اس علاقے میں ترکش سٹائل کی تین مسجدیں ہیں‘ ان میں پانچ وقت اذان ہوتی ہے اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے نمازیوں سے بھر جاتی ہیں‘ سبیل چوک سے ٹرام گزرتی ہے اور یہ شہر کے دائیں سرے سے بائیں سرے تک جاتی ہے یوں شہر کے دونوں سروں پر رہنے والے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں‘ اولڈ سٹی کی مرکزی سڑک کے درمیان ’’میٹنگ پوائنٹ آف کلچرز‘‘ ہے‘ یہ ایک لکیر ہے جس سے آگے آسٹرو ہنگرین دور کی عمارتیں شروع ہو جاتی ہیں جب کہ پیچھے عثمانی خلافت کی سرحد تھی‘ انیسویں صدی میں یہ شہر دو تہذیبوں کے درمیان تقسیم تھا لہٰذا اس مقام کو دو تہذیبوں کا نقطہ اتصال کہا جاتا ہے‘ اسے مشرق اور مغرب کے جوڑ کا نام بھی دیا گیا‘ مغربی سائیڈ کی عمارتیں یورپی جب کہ مشرقی سائیڈ کی تمام عمارتیں ترکش سٹائل کی ہیں‘ دوسو میٹر کے اس دائرے میں تین مذاہب اکٹھے رہتے ہیں‘ یہاں مسجد‘ چرچ اور سیناگوگ تینوں ’’واکنگ ڈسٹینس‘‘ پر ہیں اور اس وجہ سے اس شہر کو یوروشلم آف یورپ کہا جاتا ہے‘ کیتھولک چرچ اور جامع مسجد بڑی ہیں جب کہ سیناگوگ چھوٹا اور بغلی گلی میں ہے لیکن یہ بھی ایکٹو ہے ‘ شہر کے یہودی یہاں باقاعدہ عبادت کرتے ہیں‘ دریا کے ساتھ لیٹن برج کے ساتھ ٹائون ہال کی عمارت ہے‘

یہ عمارت 1894ء میں آسٹرین ہنگرین دور میں بنائی گئی ‘ حکومت نے جب دریا کی شمالی سائیڈ پر شہر کے لیے بڑا ٹائون ہال بنانے کا فیصلہ کیا تو یہاں زمین کی تنگی تھی‘ دائیں بائیں قدیم عمارتی تھیں جنہیں گرانا ممکن نہیں تھا‘ اس سائیڈ پر صرف چاچا عنایت کے پاس اتنی جگہ تھی جس پر ٹائون ہال بنایا جا سکتا تھا‘ چاچا عنایت کا اصل نام موجوگا بندری لک (Mujaga Benderlic) تھا‘ حکومت نے اسے منہ مانگی قیمت کے عوض جگہ فروخت کرنے کی پیش کش کی لیکن چاچا نے صاف انکار کر دیا‘ اس کا کہنا تھا میں نے بڑے ارمان سے یہاں اپنا گھر بنایا ہے‘ میں یہ جگہ کسی قیمت پر نہیں چھوڑوں گا‘ وہ شہر میں بہت مشہور اور معتبر تھا لہٰذا حکومت اس سے زبردستی جگہ نہیں لے سکتی تھی‘ اس نے اس کی بہت منتیں کیں مگر وہ نہیں مانا یہاں تک کہ حکومت اس کے دوستوں‘ رشتے داروں اور شہر کے عمائدین کو ساتھ لے کر اس کے گھر پہنچ گئی‘ چاچا کے پاس اب انکار کی کوئی گنجائش نہیں تھی‘ وہ مان گیا لیکن اس نے دو شرطیں رکھ دیں‘ اول سونے کے سکوں کی پوری بوری لوں گا اور دوم میرے پورے گھر کی ایک ایک اینٹ‘ ایک ایک پتھر دریا کے دوسرے کنارے لے جا کر ایسا ہی گھر بنایا جائے گا‘ حکومت نے دونوں شرطیں مان لیں جس کے بعد چاچا کا گھر اینٹ در اینٹ اور پتھر در پتھر اٹھایا گیا اور دریا کی دوسری سائیڈ پر جوں کا توں بنا دیا گیا‘ اس کے بعد چاچا کا گھر ’’عنایت کوچہ‘‘ مشہور ہو گیا یعنی ’’مہربانی کا گھر‘‘ چاچا کے پرانے گھر کی جگہ ٹائون ہال بنا دیا گیا‘ یہ دونوں عمارتیں اس وقت بھی آمنے سامنے موجود ہیں تاہم عنایت کوچہ میں ریستوران بنا دیا گیا جس کی سیڑھیاں دریا تک جاتی ہیں ‘ سیاح روز کافی کا کپ لے کر دریا کے ساتھ بیٹھ جاتے ہیں اور ایک دوسرے کو چاچا کی کہانی سناتے ہیں‘ اس کے بالکل سامنے ٹائون ہال ہے جسے پل کے ذریعے عنایت کوچہ سے ملا دیا گیا ہے‘ پل کے ساتھ ٹرام کا ٹریک اور وہ سڑک ہے جس پر لیٹن برج اور شہزادے فرانز فرڈیننڈ کا مقام قتل ہے‘ مجھے عنایت کوچہ اور ٹائون ہال کے سامنے وقت گزارنے کا موقع ملا‘ میرا بیٹا شمائیل جاوید بھی میرے ساتھ تھا‘ یہ چھ ملکوں کا سفر کر کے سراجیو پہنچا تھا۔

عنایت کوچہ کے ساتھ سڑک اوپر پہاڑوں پر چلی جاتی ہے‘ ان پہاڑوں کو ترویج (Tervevic) کہا جاتا ہے‘ ہم پہلے دن ناشتے کے لیے اس پہاڑی پر گئے‘ سردار افتخار کو اس پہاڑ کا بروس ریستوران بے انتہا پسند ہے‘ اس میں آرگینک ناشتہ ملتا ہے‘ تازہ مکھن‘ دیسی انڈوں کا آملیٹ اور پہاڑوں کا خالص شہد اس ریستوران کا کمال ہے‘ ہم نے پہلے دن یہ ناشتہ انجوائے کیا‘ ریستوران لکڑی کا بنا تھا اور اسے فیملی چلا رہی تھی‘ پچھلی سائیڈ پہاڑ کی طرف کھلتی تھی‘ گرمیوں میں یہاں سے ندی گزرتی ہے‘ سردیوں کی وجہ سے وہ بند ہو چکی تھی‘ پہاڑ پر تازہ برف پڑی تھی‘ اس کے دائیں بائیں بے شمار ہوٹل اور ریستوران تھے جب کہ بلندی پر سکیئنگ ریزارٹ تھا‘ وہ اس دن بند تھا‘ پہاڑ کی چوٹی سے پورا سراجیو شہر نظر آتا ہے تاہم وہاں تیز ہوا اور شدید ٹھنڈ تھی‘ مجھے سینے میں پہلی مرتبہ ٹھنڈ اور چبھن کا احساس ہوا۔

شہر کی دوسری طرف سبیل چوک سے شمالی پہاڑی شروع ہو جاتی ہے‘شہر ان دونوں پہاڑیوں کے درمیان ہے‘ شمالی پہاڑی پر بھی مکان‘ محلے اور دکانیں ہیں‘وہ سڑک بھی موڑ مڑتے مڑتے بلندی تک پہنچ جاتی ہے جس کے آخر میں اسلام آباد کے مرحوم ریستوران مونال جیسا ریستوران تھا‘ وہاں سے پورا شہر اپنی تمام تر جزئیات کے ساتھ دکھائی دیتا ہے‘ ہم نے جب اس سائیڈ پر سفر شروع کیا تو سبیل کے سامنے دیسی کھانوں کا چھوٹا سا ڈھابا دکھائی دیا‘ یہ رفیق بھائی کا دیسی ریستوران تھا‘ رفیق بھائی کا تعلق دہلی سے تھا‘ یہ بیٹی کو میڈیکل کالج میں داخل کرانے کے لیے سراجیو آیا اور یہاں ریستوران بنا لیا‘ رفیق بھائی اور ان کی اہلیہ ریستوران چلاتے تھے‘ یہ سراجیو میں دیسی کھانوں کا واحد ریستوران ہے لیکن آپ یہاں سے کھانا صرف ’’ٹیک اوے‘‘ کر سکتے ہیں‘ بیٹھ کر نہیں کھا سکتے‘ یہ لوگ کھانا خود بناتے ہیں‘ رفیق بھائی کا ریستوران صرف چھ مہینے کھلتا ہے‘ یہ چھ ماہ سراجیو اور چھ ماہ دہلی میں گزارتے ہیں‘میں نے ان کے ساتھ کھڑے ہو کر گپ لگائی اور مزہ آ گیا‘ رفیق بھائی کے ڈھابے کے ساتھ سراجیو کی قدیم کافی شاپس ہیں جن سے ترکش کافی اور شربت ملتے ہیں جب کہ ان کے ساتھ سراجیو کا قدیم قبرستان ہے‘ یہ سڑک کے ساتھ ساتھ پہاڑ کے اوپر تک چلا جاتا ہے‘ سراجیو کو اگر قبرستانوں کا شہر کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا‘ اس شہر میں 43 قبرستان ہیں‘ یہ 1992ء کی خانہ جنگی کی نشانیاں ہیں‘ آپ اگر اسلام آباد کے شہر سے واقف ہیں تو آپ فرض کریں مارگلہ روڈ سے دامن کوہ تک پہاڑ پر قبرستان ہو تو آپ کو کیسے محسوس ہوگا؟ سراجیو کا قبرستان بالکل ایسا دکھائی دیتا ہے‘ یہ رفیق بھائی کی دکان سے شروع ہوتا ہے اور آہستہ آہستہ پہاڑ کی چوٹی تک چلا جاتا ہے (آپ درج ذیل لنک پر جا کر یہ قبرستان ویڈیو کی شکل میں بھی دیکھ سکتے ہیں)۔

قبرستان کے ساتھ درمیان میں ’’پوائنٹ آف ویو‘‘ نام کا ریستوران ہے‘ یہ کافی شاپ ہے جس سے پورا شہر دکھائی دیتا ہے‘ یہ لکھاریوں‘ صحافیوں اور شاعروں کا پسندیدہ مقام ہے‘ یہاں سارا دن ان کا جمگھٹا رہتا ہے‘ ہمیں پوائنٹ آف ویو پر بھی جانے کا اتفاق ہوا اور پہاڑ کی چوٹی پر بھی وہاں سے قبرستان کا نظارہ بہت تکلیف دہ تھا‘ قبریں قطار درقطار نیچے شہر تک جا رہی تھیں‘ یہ سب سفید رنگ کی تھیں‘ سلیقے سے بنی تھیں اور ایک جیسی تھیں‘ ان کے درمیان چلنے کے لیے سیڑھیاں اور روشیں بھی تھیں‘ پورے قبرستان کے درمیان صرف ایک عمارت تھی اور وہ بوسنیا کے لیڈر‘ بانی اور فریڈم فائیٹر عزت بیگویج کی تھی‘ اس نے بوسنیا کو سربوں سے بچایا تھا‘وہ ملک کے پہلے صدر بھی تھے‘ 2003ء میں ان کا انتقال ہوا اور انہیں آزادی کے شہداء کے درمیان دفن کر دیا گیا‘ سراجیو میں اس قسم کے مزید 42 قبرستان بھی ہیں‘ مجھے ملک کے مختلف شہروں میں بھی ایسے قبرستان دیکھنے کا اتفاق ہوا‘ بوسنیا میں عموماً پہاڑوں کی اترائی پر قبرستان بنائے جاتے ہیں‘ اس کی کیا وجہ تھی؟ مجھے سمجھ نہیں آئی‘ شاید یہ لوگ اپنی قبروں کو سارا دن دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ یہ اپنے پیاروں اور موت دونوں کو یاد رکھ سکیں یا پھر اس کی کوئی اور وجہ ہو گی‘ میں نہیں جان سکا‘

سردار افتخار کو بھی وجہ معلوم نہیں تھی تاہم بوسنیا کی قبریں قوموں کے وژن کی کمی کا نوحہ ہیں‘ یہ وژن کیا تھا اور یہ نوحہ کیسے تخلیق ہوا؟ ہمیں یہ جاننے کے لیے ایک بار پھر تاریخ میں جھانکنا پڑے گا۔
دنیا کی پہلی جنگ عظیم کے بعد1918ء میں بلقان میں یوگو سلاویہ کے نام سے نیا ملک بن گیا‘ اس میں سربیا‘ مونٹی نیگرو‘ کروشیا‘ سلوونیا‘ بوسنیا اورمقدونیاشامل تھے‘ بوسنیا کے لوگ علم پسند اور ہنر مند تھے‘ یہ تعلیم کے میدان میں اترے اور انجینئرز‘ ڈاکٹرز‘ معمار‘ پروفیسرز اور سائنس دان بنتے چلے گئے‘ یہ بہت جلد خوش حال بھی ہو گئے جب کہ سرب اور کروٹ جسمانی لحاظ سے تگڑے تھے‘ وہ فوج میں شامل ہو گئے‘ سوویت یونین کے خاتمے کے ساتھ 1991ء میں یوگوسلاویہ ٹوٹ گیا اور اس میں خانہ جنگی شروع ہو گئی‘ بوسنیا کے شہر اور لوگ خوش حال تھے‘ یہ مسلمان بھی تھے‘ ان کی مسلمانی اور خوش حالی ان کا جرم بن گئی اور سربوں نے ان کی نسل کشی شروع کر دی (جاری ہے)۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



سراجیو۔۔خواب ناک شہر


  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

دوگولیاں۔۔اڑھائی کروڑ ہلاکتیں

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

پہلی جنگ عظیم بوسنیا سے سٹارٹ ہوئی

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بوسنیا میں چار دن

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

ورنہ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

خود کشی سے پہلے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو (دوسرا حصہ)

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بیوی کو بھی پتا نہیں چلنا چاہیے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

تیسری پینٹنگ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

قید بھی نعمت ہوتی ہے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…