اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے
جہاں دو بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنی بیویوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں قریبی ضلع کے جنگل میں دفن کردیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیو شنکر ساہو اور اس کے بھائی نوین ساہو اپنی بیویوں کے درمیان کافی عرصے سے جاری اختلافات پر ناراض تھے۔ مقتول خواتین کی شناخت 28 سالہ منی پریا اور 20 سالہ رادھیکا کماری کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں خواتین نے قتل کے واقعے سے دو روز قبل اپنے درمیان صلح بھی کرلی تھی۔پولیس کے مطابق شیو شنکر ساہو ایمبولینس چلاتا ہے۔ دونوں بھائیوں نے پیر کے روز مبینہ طور پر اپنی بیویوں کو قتل کیا، جس کے بعد لاشیں ایمبولینس میں ڈال کر قریبی ضلع کے جنگلاتی علاقے میں لے گئے اور وہاں دفن کردیا۔
ابتدائی طور پر ملزمان نے پولیس کو بتایا تھا کہ ان کی بیویاں انہیں اطلاع دیے بغیر گھر سے چلی گئی ہیں، تاہم طویل پوچھ گچھ کے دوران دونوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے دفن کی گئی لاشیں برآمد کرکے قبروں سے نکالیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔جھارکھنڈ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول خواتین کے اہلِ خانہ نے پیر کی صبح تقریباً 9 بجے ان سے ٹیلی فون پر بات کی تھی اور اس وقت تک حالات معمول کے مطابق تھے۔



















































