اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی نظامتِ تعلیمات نے اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ سرما کا نیا شیڈول جاری کردیا ہے،
جس کے تحت اسکولوں اور دیگر اداروں کے اوقاتِ کار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامتِ تعلیمات کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر اکیڈمکس رفعت جبین نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق نئے اوقاتِ کار یکم دسمبر 2026 سے نافذ ہوں گے اور 29 جنوری 2027 تک برقرار رہیں گے۔ سنگل شفٹ میں کام کرنے والے تعلیمی ادارے پیر سے جمعرات تک صبح 8 بج کر 30 منٹ پر کھلیں گے اور دوپہر 2 بجے بند ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز چھٹی دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگی۔نوٹیفکیشن میں چھوٹی جماعتوں کے لیے بھی الگ شیڈول مقرر کیا گیا ہے۔ پریپ کلاسز صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گی، جبکہ ای سی ای ون کی کلاسز کا وقت صبح 8 بج کر 30 منٹ سے ساڑھے 11 بجے تک ہوگا۔ ای سی ای ٹو کی تدریسی سرگرمیاں صبح ساڑھے 11 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہوں گی۔
ڈبل شفٹ والے تعلیمی اداروں میں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات تک صبح 8 بج کر 15 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 15 منٹ تک چلے گی۔ جمعہ کے دن اس شفٹ کی چھٹی دوپہر 12 بج کر 15 منٹ پر ہوگی۔اسی طرح شام کی شفٹ کے لیے پیر سے جمعرات تک دوپہر ایک بج کر 15 منٹ سے شام 6 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جمعہ کو کلاسز دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گی اور شام 6 بجے ختم ہوں گی۔وفاقی نظامتِ تعلیمات نے شہری اور دیہی علاقوں میں قائم تمام متعلقہ سرکاری تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمِ سرما کے نئے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔



















































