جمعرات‬‮ ، 26 ‬‮نومبر‬‮ 2026 

دوگولیاں۔۔اڑھائی کروڑ ہلاکتیں

datetime 26  ‬‮نومبر‬‮  2026

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے مفت نہیں ہے‘ آپ ماہانہ 10300 یا 5300 روپے ادا کر کے ہمارے مستقل واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں جہاں آپ کو جاوید چودھری کے کالم وقت سے پہلے اور اشتہارات کے بغیر ملیں گے‘ ہمارا واٹس ایپ گروپ ایکٹو ہو چکا ہے‘اس گرو پ میں جاوید چودھری صاحب بھی شامل ہیں‘ آپ جاوید چودھری صاحب سے کالم سے متعلق سوال بھی کر سکتے ہیں‘ وہ خود آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ آپ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے موبائل نمبر   5362221  92332+پر امجد خلیفہ سے رابطہ کر سکتے ہیں لیکن آپ اگر مستقل ممبر نہیں بننا چاہتے تو بھی آپ کو اخلاقی طور پر اس تحریر کی کچھ نہ کچھ پے منٹ ضرور کرنی چاہیے‘ آپ خود اس تحریر کی قیمت کا فیصلہ کر کے اپنی رقم  5366774 0310موبائل نمبر پر جمشید خان کو ایزی پیسہ کر سکتے ہیں۔

دوگولیاں۔۔اڑھائی کروڑ ہلاکتیں

آسٹریا نے سربیا کو شہزادے فرڈیننڈ اور شہزادی صوفیا کے قتل کا ذمہ دار قرار دے دیا‘ سربیا نے اسے دہشت گردی قرار دے کر الزام مسترد کر دیا‘ آسٹریا نے یہ دعویٰ مسترد کر دیا اور سربیا پر حملہ کر دیا‘ روس پر اس زمانے میں زار حکمران ہوتے تھے‘ نکولس دوم زار تھا‘ اس کا فرانس‘ اٹلی اور برطانیہ کے ساتھ دفاعی معاہدہ تھا‘ دوسری طرف آسٹریا‘ بلغاریہ‘ جرمنی اور عثمانی اتحادی تھے‘ زار گرم پانیوں تک پہنچنے کے لیے استنبول کی آبی گزرگاہ باسفورس پر قبضہ کرنا چاہتا تھاچناں چہ پرنسپ کی دو گولیوں اور شہزادے اور شہزادی کی ہلاکت کے ایک ماہ بعد جنگ شروع ہو گئی‘ آسٹریا نے سربیا پر حملہ کر دیا‘ روس میں اس زمانے میں افراتفری تھی‘

زار کو اپنے آپ کو منوانے کے لیے بڑی جنگ چاہیے تھی‘ اس نے سربیا کی حمایت کا اعلان کر دیا‘ بوسنیا سربیا کا حصہ تھا‘ دونوں ملکوں میں سلواک قوم آباد تھی‘ روس میں بھی سلواک تھے‘ زار کا خیال تھا یہ لوگ جنگجو ہیں‘ یہ اگر اس کے ساتھ مل گئے تو میرا تخت مضبوط ہو جائے گا‘ روسی فوجیں سربیا کی حمایت میں بلقان پہنچیں تو جرمنی اور آسٹریا کا اتحاد ’’ایکٹو‘‘ ہو گیا‘ جرمنی آسٹریا کی حمایت میں میدان میں آ گیا‘ فرانس روس کا اتحادی تھا‘ اس نے اپنی فوجیں جرمنی کے بارڈر پر تعینات کرنا شروع کر دیںجس سے جرمنی کو محسوس ہوا فرانس روس کی حمایت میں کسی بھی وقت اس پر حملہ کر سکتا ہے چناں چہ اس نے بیلجیم پر قبضہ کر لیا‘ فرانس بیلجیم کی مدد کے لیے آیا اور اس کے نتیجے میں جرمنی اور فرانس کی جنگ بھی شروع ہو گئی‘ برطانیہ بھی فرانس کا اتحادی تھا‘ وہ فرانس کی مدد کے لیے آ گیا یوں روس‘ فرانس اور برطانیہ ایک سائیڈ پر کھڑے ہو گئے اور آسٹریا اور جرمنی دوسری سائیڈ پر۔ خلافت عثمانیہ جرمنی کی اتحادی تھی‘ جرمنی نے اسے بھی دعوت دے دی‘ اس زمانے میں خلافت تین جرنیلوں وزیر داخلہ محمد طلعت پاشا‘ کمانڈر انچیف اسماعیل انور پاشا اور نیول چیف احمد جمال پاشا کے کنٹرول میں تھی‘ خلیفہ جنگ میں شمولیت کے خلاف تھا لیکن یہ تینوں پاشا اس کو ’’بائی پاس‘‘ کر کے جنگ میں کود گئے یوں جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا‘ اٹلی اس وقت جرمنی کا اتحادی تھا لیکن وہ نیوٹرل رہا‘ اس کا کہنا تھا ہمارا معاہدہ دفاعی تھا لیکن کیوں کہ آسٹریا نے سربیا اور جرمنی نے بیلجیم پر حملہ کیا ہے لہٰذا ہمارا معاہدہ ایکٹو نہیں ہو سکتا‘ یہ اپریل 1915ء تک غیر جانب دار رہا لیکن پھر اسے برطانیہ اور فرانس نے لالچ دے کر اپنے ساتھ ملا لیا‘ اٹلی نے جرمنی کا ساتھ چھوڑ دیا اور آسٹریا پر حملہ کر دیا‘ اس سے جنگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

برطانیہ اس زمانے میں ہندوستان پر قابض تھا‘ یہ برٹش انڈین آرمی کو میدان میں لے آیا‘ برطانیہ کی سب سے بڑی فوج اس وقت انڈیا میں تھی‘ اس نے 13 لاکھ مسلمان‘ سکھ اور ہندو فوجی جنگ میں جھونک دیے‘ ان میں سے ایک لاکھ 40 ہزار یورپ بلائے گئے جب کہ 7 لاکھ مڈل ایسٹ میں داخل کر دیے گئے‘ مڈل ایسٹ اس وقت عثمانی خلافت کا حصہ تھا لیکن سات لاکھ ہندوستانی فوجیوں نے یہ علاقہ عثمانیوں سے چھین لیا اور یہ جنگ کے بعد 14 سے 17 ممالک میں تبدیل ہو گیا‘ اس جنگ میں 47 ہزار 7 سو 46 ہندوستانی فوجی مارے گئے جب کہ 65 ہزار ایک سو 26 زخمی ہوئے‘ ہندوستان کی شمولیت کے بعد جنگ مشرق تک پھیل گئی‘ نیوزی لینڈ نے پیسفک اوشین کے جرمن جزیرے ساموا پر قبضہ کر لیا‘ جاپان نے ملائیشیا کے علاقے پنانگ (Penang) پر حملہ کر دیا یوں جنگ جاپان‘ نیوزی لینڈ اور چین تک پھیل گئی‘ سربوں نے تاریخ میں پہلی بار آسٹریا کے جنگی طیارے کو زمین سے نشانہ بنایا جس کے بعد ’’سر فیس ٹو ائیر‘‘ نئی جنگ کا آغاز ہو گیا‘ یہ دنیا کی پہلی جنگ تھی جس میں بری کے ساتھ فضائی اور بحری تینوں فوجیں استعمال ہوئیں اور انسان کے لیے زمین کے ساتھ ساتھ فضا اور سمندر بھی غیر محفوظ ہو گئے‘ امریکا اس جنگ سے دور تھا لیکن یہ اس زمانے میں اتحادی فوجوں کو اسلحے کا سب سے بڑا سپلائر تھا‘ جرمنی اسلحے کی یہ سپلائی بند کرانا چاہتا تھا چناں چہ اس نے امریکا کو وارننگ دینے کے لیے برطانیہ کے ساحل پر لنگر انداز مسافر بردار جہاز کو تباہ کر دیا‘ اس میں ڈیڑھ سو امریکی سوار تھے‘ ان میں سے 128 مارے گئے‘ امریکا سمجھ دار تھا یہ اس کے باوجود جنگ میں نہیںکودا لیکن پھر سی آئی اے نے چھ اپریل 1917ء کو جرمنوں کا ایک ٹیلی گرام پکڑ لیا جس میں جرمنی نے میکسیکو کو امریکا کی دو ریاستوں کے بدلے جنگ میں شمولیت کی دعوت دی تھی‘ اس ٹیلی گرام کے بعد امریکا بھی جنگ میں شامل ہو گیا۔ افریقہ کے مختلف ممالک اس وقت برطانیہ‘ فرانس اور جرمنی کی کالونی تھے‘

یہ وہاں بھی ایک دوسرے سے برسر پیکار ہو گئے یوں جنگ افریقہ میں بھی داخل ہو گئی جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا جہنم بن گئی‘ ہر طرف تباہی‘ بربادی‘ لاشیں اور زخمی پڑے تھے‘ دنیا کا کوئی کونا جنگ سے محفوظ نہیں رہا تھا‘ رہی سہی کسر ’’سپینش فلو‘‘ نے پوری کر دی‘ فوجیوں نے نقل و حرکت کے دوران کورونا کی ابتدائی قسم پوری دنیا میں پھیلا دی اور باقی لوگ اس کے ہاتھوں مرنے لگے‘ یہ جنگ جو سراجیو کی گلی میں ڈرائیور کے غلط ٹرن کی وجہ سے شروع ہوئی تھی اس میں دو کروڑ 20 لاکھ لوگ مارے گئے جب کہ دوگنے زخمی ہوئے‘ سینکڑوں شہر اور قصبے برباد ہو گئے‘ روس میں زاروں کا تین سو سال پرانا اقتدار ختم ہو گیا اور دنیا میں کمیونزم کا آغاز ہو گیا‘ دنیا کی سب سے بڑی اور آخری مسلمان سلطنت عثمانیہ بھی ختم ہو گئی‘ بموں‘ مشین گنوں‘ جہازوں‘ آب دوزوں اور کیمیکل ویپنز کا آغاز ہو گیا‘ جنگ کی وجہ سے یورپ‘ افریقہ‘پیسفک اوشین‘ سائوتھ ایسٹ ایشیا‘ لاطینی امریکا‘ مڈل ایسٹ اور ہندوستان کی جغرافیائی حدود بھی تبدیل ہو گئیں‘ دنیا میں ’’نئی وار مشینری‘‘ کا دور شروع ہوا اور انسان میزائل‘ ایٹم بم اور سائبر وار کے میدان میں اتر گیا‘ خلاء تک پہنچنے کی دوڑ بھی شروع ہو گئی‘ غرض چار سال تین ماہ اور 14دن کی اس جنگ نے دنیا کی ہر چیز بدل کر رکھ دی‘ دنیا آج جس مقام پر کھڑی ہے اس کا آغاز سراجیو شہر کے لیٹن برج کے سامنے موجود اس گلی سے ہوا تھا میں جس میں 14 نومبر کی شام اور پھر 15 اور 16 نومبر کی دوپہر تین بار گیا اور دیر تک اس جگہ کھڑا رہا جہاں سے دنیا کودوزخ بنانے کی چنگاریاں نکلی تھیں۔

سراجیو شہر کو دریائے مل جیکا(Miljacka)دو حصوں میں تقسیم کرتا ہے‘ دریا کی دونوں‘ تینوں بلکہ چاروں سائیڈز پر پہاڑ ہیں‘ شہر پیالہ نما وادی میں آباد ہے‘ شہر کا قدیم حصہ دائیں جانب ہے‘ لیٹن برج کے عین سامنے کونے پر میوزیم آف سراجیوکی عمارت ہے‘ اس کے ساتھ سیاہ رنگ کی اوپن کار کھڑی تھی‘ یہ اس کار کا رپلیکا (نقل) ہے جس میں آرچ ڈیوک فرانز فرڈیننڈ اور اس کی حاملہ بیگم صوفیا (صوفی) سوار تھے‘ دیوار کے ساتھ زمین پر دو پائوں کے نشان تھے‘گاوریلو پرنسپ نے عین اس جگہ کھڑے ہو کر آرچ ڈیوک پر گولی چلائی تھی‘ دیوار پر اس واقعے کی بلیک اینڈ وائیٹ تصویریں لگی تھی‘ گاڑی کی نمبر پلیٹ پر A 111 118 کے ہندسے چمک رہے تھے‘ یہ جنگ عظیم اول کے خاتمے کی تاریخ 11نومبر 1918ء تھی‘ کیا یہ نمبر پلیٹ اصل تھی؟ گائیڈ کا کہنا تھا یہ اصل ہے اور یہ اس جنگ کی مسٹری تھی یعنی وہ جنگ جو 28 جون 1914ء کو گاڑی سے شروع ہوئی وہ 11 نومبر 1918ء کو گاڑی کی نمبر پلیٹ پر پہنچ کر ختم ہوئی جب کہ محققین کا کہنا ہے یہ علامتی ہے‘ شہزادے کی گاڑی پر نمبر پلیٹ نہیں تھی‘ گاڑی 1914ء کے سانحے کے بعد ویانا لے جائی گئی جہاں یہ میوزیم میں رکھ دی گئی اور آج تک ویانا کے وار میوزیم میں کھڑی ہے‘ سراجیو میں اس کی ہو بہو نقل رکھ دی گئی تاکہ سیاح آتے اور اس کے ساتھ تصویریں بنواتے رہیں‘ میں جب بھی وہاں گیا یہ سوچتا رہ گیا دنیا میں کس طرح معمولی واقعات بڑے بڑے بڑے بڑے حادثوں بلکہ جنگوں کا باعث بن جاتے ہیں‘

گاوریلو پرنسپ اس واقعے کا اہم ترین کردار تھا‘ وہ ایک معمولی اور غیر معروف نوجوان تھا لیکن اس کے پستول سے نکلنے والی دو گولیوں نے اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امر کر دیا‘ وہ اپنے لوگوں کے لیے الگ ملک (یوگوسلاویہ) حاصل کرنا چاہتا تھا‘ وہ تنظیم ینگ سلاو (اسے سلواک زبان میں یوگوسلاو کہا جاتا تھا) کا ادنیٰ سا کارکن تھا‘ وہ شہزادے اور شہزادی کے قتل کے بعد گورنر آسکرپوٹیوریک کو بھی نشانہ بنانا چاہتا تھا لیکن اسے سیکورٹی نے دبوچ لیا‘ اس کے منہ میں سائنائیڈ کا کیپسول تھا‘ اس نے اسے چبا لیا تھا لیکن وہ اس کے معدے میں نہیں پہنچ سکا‘ زہر صرف اس کے منہ تک رہا‘ اس کی زبان اور حلق بری طرح جھلس گیا لیکن اس کی جان بچ گئی‘ اس کی عمر اس وقت 19 سال تھی لہٰذا وہ پھانسی سے بچ گیا اور اسے 20 سال قید بامشقت ہو گئی‘ سزا کے لیے اسے ٹیریزن (Terezin) کے قلعے میں بھجوایا گیا‘ یہ قلعہ آج کل چیک ری پبلک میں ہے‘ جیل کے مشکل حالات اور خوراک کی کمی کی وجہ سے اسے ٹی بی ہو گئی اور وہ بیماری کے ہاتھوں 28 اپریل 1918ء کو فوت ہو گیا‘

اسے قلعے کے قبرستان میں دفن کر دیا گیا‘ آپ یہاں یہ حسن اتفاق بھی ملاحظہ کیجیے‘ وہ جتنا عرصہ زندہ رہا جنگ عظیم جاری رہی لیکن اس کے فوت ہوتے ہی جنگ کی شدت میں کمی آ گئی یہاں تک کہ 11نومبر کو مکمل سیز فائر ہو گیا‘ جنگ عظیم کے بعد سات بلقان ریاستوں پر مشتمل نیا ملک یوگوسلاویہ بن گیا‘پولینڈ‘ فن لینڈ‘ چیکو سلواکیہ‘ عراق‘ سعودی عرب‘ یو اے ای‘ اردن‘ شام‘ لبنان اور ترکی جیسے ممالک بھی اسی جنگ کا نتیجہ تھے‘ لیگ آف نیشنز نے بھی اسی سے جنم لیا تھا‘ پرنسپ کی باقیات 1920ء میںٹیریزن سے نکال کر وڈو ڈیم (Vidodam) لائی گئیں اور انہیں قومی ہیروز کے چرچ میں دفن کر دیا گیا‘ پرنسپ ہیرو تھا یا ولن دنیا آج تک یہ فیصلہ نہیں کر سکی تاہم یہ طے ہے اس کی وجہ سے دنیا تباہی کے ایک ایسے راستے پر چل نکلی جس کے آخر میں قیامت اور میدان حشر ہے‘ ہم اس تک کب پہنچتے ہیں ہم نہیں جانتے لیکن یہ طے ہے ہم اس راستے پر گام زن ہیں جس کے آخر میں فنا کھڑی ہو کر ہمارا انتظار کر رہی ہے‘ میں پرنسپ کے پائوں کے نشان پر کھڑا تھا کہ اذان شروع ہو گئی‘ سراجیو کی جامع بیگ سے اللہ اکبر کی صدا بلند ہو رہی تھی (جاری ہے)۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



دوگولیاں۔۔اڑھائی کروڑ ہلاکتیں


  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

پہلی جنگ عظیم بوسنیا سے سٹارٹ ہوئی

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بوسنیا میں چار دن

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

ورنہ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

خود کشی سے پہلے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو (دوسرا حصہ)

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بیوی کو بھی پتا نہیں چلنا چاہیے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

تیسری پینٹنگ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

قید بھی نعمت ہوتی ہے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

سٹوڈنٹ لسٹ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…