اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) میں پارٹی قیادت کی تبدیلی کے حوالے سے اندرونی مشاورت اور اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے بعض حلقے مریم نواز کو نواز شریف کی جگہ مسلم لیگ (ن) کا صدر بنانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، تاہم نواز شریف کے قریبی افراد اس تجویز سے اتفاق نہیں کرتے۔اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد مالک کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے اندر موجود مریم نواز کے حامی گروپ کی خواہش ہے کہ پارٹی کی صدارت انہیں سونپ دی جائے۔ اس گروپ کے خیال میں نواز شریف کی صحت پہلے جیسی نہیں رہی، لہٰذا مریم نواز کو پارٹی کی قیادت دے کر مستقبل میں انہیں وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر سامنے لایا جاسکتا ہے۔تجزیہ کار کے مطابق اس تجویز پر مسلم لیگ (ن) کے اندر مختلف آرا پائی جاتی ہیں اور پارٹی کے کئی اہم رہنما سمیت نواز شریف کے قریبی حلقے اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔
مخالفین کا مؤقف ہے کہ مریم نواز کو صدر بنانے سے جماعت کے اندر اختیارات اور سیاسی اثرورسوخ کا توازن تبدیل ہوسکتا ہے۔محمد مالک نے بتایا کہ تقریباً سات سے آٹھ ماہ قبل بھی مریم نواز کو پارٹی صدر بنانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم اس وقت یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ ان کے مطابق نواز شریف نے اب تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے اندر یہ سوال بھی زیرِ بحث ہے کہ اگر مریم نواز 2029 کے عام انتخابات میں وزارتِ عظمیٰ کی امیدوار بنتی ہیں تو پنجاب میں ان کی موجودہ سیاسی ذمہ داری کون سنبھالے گا۔ محمد مالک کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ہونے والی مزید بات چیت اور متعلقہ ناموں کے بارے میں وہ آئندہ آگاہ کریں گے۔تجزیہ کار کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے بعض حلقوں میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ مریم نواز کی پارٹی صدارت کی صورت میں نئے صوبوں کی مخالفت میں کمی آسکتی ہے، کیونکہ اس گروپ کے نزدیک وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا منصب زیادہ مضبوط ہوگا۔



















































