تہران (این این آئی)ایران میں دو ماہ کی حاملہ 19سالہ لڑکی کو والدین نے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا پھر مرگی کی 30گولیاں کھلانے کے بعد تکیے سے دم گھونٹ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ ایران کے مغربی شہر سنندج میں پیش آیا جہاں حلیہ فتاحی نامی لڑکی نے گزشتہ ہفتے اپنے اہل خانہ کو بتایا تھا کہ وہ ایک نوجوان سے تعلق کے نتیجے میں دو ماہ کی حاملہ ہے۔انسانی حقوق کی تنظیم ہینگا نے بتایا کہ لڑکی کے والد وریا فتاحی اور والدہ لیلا ویسی نے ہفتے کے روز پہلے عدالت میں اس کیخلاف شکایت درج کرائی اور گھر واپس آنے کے بعد اسے مرگی کی تقریبا 30گولیاں زبردستی کھلائیں۔تاہم جب والدین کو معلوم ہوا کہ لڑکی ابھی زندہ ہے تو ہسپتال لے جانے کی بجائے منہ پر تکیہ رکھ کر اس کا دم گھونٹ دیا۔ پولیس کو دیئے گئے بیان میں والدین نے قتل کی وجہ غیرت قرار دیا۔
ایران انٹرنیشنل کے مطابق صوبے کے محکمہ جرائم کے سربراہ نے بھی والدین کے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کی تصدیق کی تاہم پولیس نے واقعے کی وجہ خاندانی تنازع قرار دی ہے۔ہینگا اور ہانا نامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ کے موثر قوانین نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔



















































