لاہور( این این آئی)ٹریفک پولیس نے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈائون مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا،
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور رکشے بند کرنے کا حکم دے دیا۔سی ٹی او نے شہر بھر میں خصوصی ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 سال سے کم عمر ڈرائیور پکڑے جانے پر متعلقہ گاڑی تھانے میں بند کردی جائے گی۔سی ٹی او نے کہا کہ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی والدین کی جانب سے شورٹی بانڈ جمع کروانے پر ہی چھوڑی جائے گی جبکہ کم عمر ڈرائیور اور گاڑی کے مالک کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق دوبارہ کم عمر ڈرائیونگ کرتے پکڑے جانے پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔سی ٹی او نے مزید بتایا کہ رواں سال ٹریفک پولیس نے کم عمر ڈرائیورز کے 23 ہزار 440 چالان کیے، جبکہ 16 سے 18 سال کی عمر کے 12 ہزار 219 نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔



















































