منگل‬‮ ، 24 ‬‮نومبر‬‮ 2026 

پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے سے استثنیٰ کا معاہدہ طے پا گیا

datetime 24  ‬‮نومبر‬‮  2026 |

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور پرتگال نے دوطرفہ تعلقات، سفارتی روابط اور پارلیمانی تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا ہے

اس ضمن میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رانجل نے پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا جبکہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے سے استثنیٰ کا معاہدہ طے پا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 77 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے، پارلیمانی تبادلوں اور موجودہ دوطرفہ طریقہ کار کے تحت باقاعدہ مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔ پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رانجل نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرتگال کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ میں پرتگال میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے فریم ورک کے تحت تعاون پر گفتگو کی۔ پرتگال کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور موثر کثیرالجہتی نظام کی ضرورت ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں پرتگال کے وزیر خارجہ پائولو رانجل کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے زراعت بالخصوص زیتون کی کاشت اور اس کی پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی اور بحری رابطوں کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ مذاکرات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام اور کاروباری روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔نائب وزیراعظم نے تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں قریبی تعاون کے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے ہنرمند کارکنوں کے لیے قانونی ذرائع سے نقل مکانی کے راستے فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ فریقین نے اقوام متحدہ میں تعاون کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات بشمول جی ایس پی پلس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور اس بات کی اہمیت کا اعادہ کیا کہ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت، سفارت کاری اور پرامن ذرائع اختیار کیے جانے چاہئیں۔ بعد ازاں نائب وزیر اعظم نے پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رینجل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پرتگال کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پرتگالی کمپنیوں کوخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا تعاون حاصل ہوگا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ملکوں کا مشترکہ ورکنگ گروپ تجارت میں رکاوٹوں کی نشاندہی اور اقدامات کیلئے کام کرے گا۔ نائب وزیراعظم نے پرتگال کے وزیر زراعت اور بحری امور کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے، طے پانے والے معاہدے کاروباری و سرمایہ کاری روابط کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان فٹ بال کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ پالو رینجل اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ7 نومبر کو ہم نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے77 سال مکمل ہونے کا دن منایا، مجھے خوشی ہے کہ آپ سالگرہ کے مہینے میں اسلام آباد آئے ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آج ہونے والے ہمارے مذاکرات رواں سال 27 مئی کو نیویارک میں پرتگال کے وزیر خارجہ کے ساتھ میری ملاقات کے تسلسل کا حصہ ہیں، پاکستان پرتگال کو ایک اہم دوطرفہ شراکت دار اور یورپی یونین میں ایک تعمیری آواز کی حیثیت سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ رواں سال جولائی میں اسلام آباد میں ہونے والے دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے دور نے آج کے مذاکرات کیلئے راہ ہموار کرنے میں مدد دی، 2027 میں جب دونوں ملکوں کے حکام دوبارہ ملاقات کریں گے تو ہم آج طے کردہ ترجیحات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے منتظر ہونگے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اپنی حقیقی استعداد سے کم سطح پر ہے، ہم نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کے حوالے سے رکاوٹوں کی نشاندہی اور مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے جبکہ پرتگالی کمپنیوں کو بھی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت ایک ایسا شعبہ ہے جہاں ہم پرتگال کے تجربات خصوصا زیتون کی کاشت اور اس کی پراسیسنگ کے حوالے سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سال 30 جون کو لزبن میں منعقدہ بین الاقوامی زیتون کونسل کے 123 ویں اجلاس میں کونسل کا مستقل رکن بن گیا، ہم نے زرعی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے اور ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر زور دیا ہے، ہم پرتگال کے وزیر زراعت و بحری امورہوزے فرنانڈیزکی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اس امر کا بھی جائزہ لیا کہ پاکستان اور پرتگال کی بندرگاہیں دونوں ممالک کے برآمد کنندگان کیلئے بحری ترسیل اور لاجسٹکس کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کس طرح باہمی تعاون کرسکتی ہیں، ہم اس تعاون کو عملی شکل دینے کیلئے ٹھوس اقدامات بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ آج ہم نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کیلئے ویزے کے خاتمے سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس سے پاکستان اور پرتگال کے درمیان سرکاری سطح پر وفود کے تبادلے میں سہولت پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج بزنس فورم کے موقع پر پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور پرتگال کے ادارے اے آئی سی ای پی کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب بھی ہوگی، یہ معاہدے مل کر قریبی دوطرفہ روابط، کاروباری تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ مذاکرات میں ہم نے دوہرے ٹیکس سے بچنے کے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے موجودہ فریم ورک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا، ہم نے زیر غور دیگر معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کیلئے پرتگال کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یورپی یونین کے نئے فریم ورک کے تحت اس کی مسلسل حمایت کی درخواست کی ہے، یہ سکیم پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعاون کا ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں تجارت، روزگار اور پائیدار ترقی کے فروغ میں معاون ہے، ہم متعلقہ بین الاقوامی کنونشنز پر عمل درآمد اور یورپی یونین کے ساتھ مسلسل روابط برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے قانونی طریقہ کار کے تحت نقل مکانی کے مواقع کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا اور پرتگال کو پاکستان کی مجوزہ لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ پر غور کرنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ان مواقع کی جانب بھی توجہ دلائی جو پرتگال کا گرین پاتھ طریقہ کار بھرتی کے مقررہ تقاضوں پر پورا اترنے والے پاکستانی ہنرمند کارکنوں کیلئے فراہم کرسکتا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پرتگال میں مقیم اور کام کرنے والے پاکستانی شہری دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور پرتگالی معاشرے میں ان کے انضمام کیلئے پرتگال کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان شراکت داری، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور کھیلوں کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کے طریقوں پر بھی غور کیا۔ انہوں نے پرتگال کے معروف فٹ بال کلب ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے درمیان طے پانے والے شراکت داری کے معاہدے کا خیرمقدم کیا، اس معاہدے کے تحت ایف سی پورٹو اکیڈمی میں اپنا ڈریگن فورس تربیتی پروگرام قائم کرے گا جس سے کوچز کو نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی نشاندہی اور انہیں نکھارنے میں مدد ملے گی۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے تجویز پیش کی کہ کوچنگ کے تبادلوں، نوجوانوں کے ٹورنامنٹس، تربیتی کیمپس اور کھیلوں کی سائنس کے شعبے میں تعاون کے ذریعے شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے جبکہ فٹ بال اور دیگر کھیلوں میں کلبوں اور اکیڈمیوں کے درمیان روابط کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2027 تا 2028 کی مدت کیلئے پرتگال کے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بطور غیر مستقل رکن سلامتی کونسل کی مدت رواں سال 31 دسمبر کو مکمل ہورہی ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا دوست ملک پرتگال یکم جنوری 2027 سے اپنی مدت کا آغاز کرے گا۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کی بنیاد کثیرالجہتی نظام، عالمی امن و سلامتی اور پائیدار ترقی کیلئے ہماری مشترکہ وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت بھی زیر بحث آئی، میں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سفارتی کوششوں کی حمایت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے، بین الاقوامی قانون کا احترام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری کی جانی چاہیے۔ انہوں نے فلسطینی عوام اور ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے مسلسل پھیلا اور القدس الشریف کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک منصفانہ اور پائیدار حل کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ نائب وزیر اعظم نے تنازعہ جموں و کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے پرامن مذاکرات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ افغانستان کے حوالے سے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر معاہدے کو معطل رکھنے کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ایک خطرناک کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آبی، غذائی اور توانائی کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پرتگال کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان اور تعمیری مذاکرات پر اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم مل کر پاکستان اور پرتگال کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ایسی مستقبل رخ شراکت داری قائم کرسکتے ہیں جو ہمارے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہو۔ اس موقع پر پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رینجل نے کہا کہ پاکستان کا خطہ میں کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرتگال اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77 برس مکمل ہوچکے ہیں، پاکستانی کیمونٹی پرتگال میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



پہلی جنگ عظیم بوسنیا سے سٹارٹ ہوئی


  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بوسنیا میں چار دن

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

ورنہ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

خود کشی سے پہلے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو (دوسرا حصہ)

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بیوی کو بھی پتا نہیں چلنا چاہیے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

تیسری پینٹنگ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

قید بھی نعمت ہوتی ہے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

سٹوڈنٹ لسٹ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

Mind The Gape

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…