اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں اور علاقوں میں 24 نومبر کو بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے بجلی کے نظام میں بہتری اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں متعدد فیڈرز کی بندش کا شیڈول جاری کردیا ہے۔میپکو کے ترجمان کے مطابق سڑکوں کی تعمیر و توسیع سمیت دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی۔شیڈول کے تحت ملتان سرکل کے مختلف فیڈرز پر صبح 8 بجے سے شام 4 بجے کے دوران مختلف اوقات میں بجلی بند رہے گی۔ خانیوال سرکل میں سٹی ون، سٹی ٹو، سٹی تھری، سٹی فور، حماد بنگلہ اور سرائے سدھو فیڈرز بھی بندش سے متاثر ہوں گے۔
اسی طرح ڈیرہ غازی خان سرکل کے مختلف فیڈرز پر صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی کی فراہمی روک دی جائے گی، جبکہ بہاولپور سرکل میں صبح ساڑھے 7 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک بجلی بند رہے گی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ وہاڑی سرکل کے متعدد فیڈرز پر صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی معطل رہے گی۔ بلال اور ڈسٹرکٹ جیل فیڈرز کے صارفین کو صبح 6 بجے سے 10 بجے تک بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔رحیم یار خان سرکل کے بعض فیڈرز پر صبح 9 بجے سے 11 بجے تک بجلی فراہم نہیں کی جائے گی، جبکہ مظفرگڑھ سرکل کے حبیب اور بصیرہ فیڈرز پر بھی مختلف اوقات میں بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔



















































