اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پیٹرولیم ڈیلرز نے 24 گھنٹے کے اندر قیمتوں میں ردوبدل کے موجودہ نظام کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔
وی نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل کرنے کا طریقہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ کرکے اسے کم از کم 8 فیصد تک پہنچایا جائے۔ڈیلرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کی تجویز سے بھی اختلاف کیا اور کہا کہ وہ اس اقدام کے حق میں نہیں ہیں۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے زور دیا کہ پیٹرولیم سیکٹر سے متعلق نئی پالیسیوں کی تیاری میں ڈیلرز کو نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ ان کے نمائندوں سے مشاورت کرکے انہیں اعتماد میں لیا جائے، تاکہ کاروباری مسائل کا مناسب حل نکالا جاسکے۔



















































