کراچی(این این آئی) ایک نئی 15 سالہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کا روزانہ 9 یا اس سے زائد گھنٹے سونا صحت کے لیے تشویش کا باعث ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ 9 گھنٹے یا اس سے زیادہ نیند لینے والے دل کے مریضوں میں تمام وجوہات سے موت کا خطرہ 7 سے 8 گھنٹے سونے والے مریضوں کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ دیکھا گیا۔چین اور جارجیا سدرن یونیورسٹی کے محققین نے کہا کہ زیادہ نیند لازماً کسی بیماری کی وجہ نہیں ہوتی بلکہ یہ جسم میں موجود کسی بنیادی طبی مسئلے کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔محققین کے مطابق ڈپریشن، نیند کے دوران سانس لینے میں دشواری، جسم میں سوزش، جسمانی کمزوری، متعدد دائمی بیماریاں اور ادویات کے مضر اثرات طویل نیند سے منسلک ہوسکتے ہیں۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دل کے مریضوں میں یہ علامات صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی نشاندہی کرسکتی ہیں، جنہیں معمول کے طبی معائنے کے دوران نظرانداز کیے جانے کا خدشہ رہتا ہے۔
محققین نے زور دیا کہ مریضوں سے نیند کے دورانیے کے بارے میں سوال کرنا خطرے سے دوچار افراد کی نشاندہی اور مزید طبی معائنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔تحقیق کے مطابق نیند کے دورانیے کا جائزہ لینا ایک آسان، غیر تکلیف دہ اور کم خرچ طریقہ ہے، جسے اسپتالوں اور عام طبی مراکز میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ماہرین نے واضح کیا ہے کہ طویل نیند کو موت کی یقینی علامت نہیں سمجھنا چاہیے، تاہم دل کے مریضوں میں نیند کے معمولات میں غیر معمولی تبدیلی کو نظرانداز کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔



















































