اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)ایران نے عندیہ دیا ہے کہ اگر امریکا تہران کے مطالبات تسلیم کرلے تو آبنائے ہرمز میں سکیورٹی انتظامات بحال کرکے اس اہم بحری راستے کو چند گھنٹوں میں دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ معاہدہ طے ہونے اور متعلقہ شرائط پوری کیے جانے کی صورت میں ایران اس پر عمل درآمد میں تاخیر نہیں کرے گا۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا معاہدے کے بعد صرف دو گھنٹے کے اندر آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولا جاسکتا ہے؟جواب میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران اپنے وعدوں پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے اور دوسری جانب کی طرف سے شرائط پوری ہوتے ہی ضروری اقدامات تیزی سے کیے جائیں گے۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تہران اپنے قومی مفادات اور ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق ایران اپنے مقاصد سے بخوبی واقف ہے اور ان کے حصول و تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ایرانی ترجمان نے امریکا کی دھمکیوں اور جنگ میں کامیابی کے دعوؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کی جانب سے فتح کے اعلانات اب تقریباً روزانہ سننے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کی دھمکی آمیز پالیسی ایرانی عوام کو اپنے وطن اور قومی عزت سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کرسکتی بلکہ ایسے بیانات ایرانی قوم کے حوصلے اور یکجہتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔اسماعیل بقائی کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر سالِ نو تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوسکا تو امریکا دوبارہ جنگ شروع کرنے پر غور کرسکتا ہے۔



















































