کراچی(این این آئی) غیر ملکیوں کا مبینہ طور پر ڈیٹا لیک کرنے کے الزام میں زیرِ تفتیش ملزم دانش پرویز عرف ٹیٹو مین نے مبینہ طور پر گھر میں اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی، جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کچھ عرصہ قبل کارروائی کرتے ہوئے دانش پرویز کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم پر غیر ملکیوں کا حساس ڈیٹا لیک کرنے کا الزام تھا اور اس حوالے سے تحقیقات جاری تھیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق ملزم عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد گھر منتقل ہوگیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ محمود آباد میں اس نے مبینہ طور پر اپنا گلا کاٹنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دانش پرویز کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کے لیے گلے کا ہنگامی آپریشن کیا۔ اس کی حالت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ملزم پر الزام ہے کہ وہ ڈارک ویب سے حساس ڈیٹا حاصل کرکے مختلف افراد کو فروخت کرتا تھا۔ وہ فوڈ ڈیلیوری کا کام بھی کرتا تھا۔ تاہم واقعے کی وجوہات اور دوبارہ گرفتاری سے بچنے کے لیے خودکشی کی کوشش کرنے کا دعویٰ تاحال ذرائع سے منسوب ہے، جس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔



















































