اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں نئی آٹو پالیسی کے تحت چھوٹی گاڑیوں، خصوصاً 660 سی سی کاروں کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے،
جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی تجارتی بنیادوں پر درآمد کی راہ بھی ہموار ہونے جارہی ہے۔آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں شعیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نئی پالیسی کے نفاذ سے چھوٹی گاڑیوں کی قیمتیں کم ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی صارفین کو مقامی مارکیٹ میں مختلف اقسام کی گاڑیوں کے انتخاب کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن طویل عرصے سے گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت کے لیے کوششیں کررہی تھی، جس کے نتیجے میں اب اس معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت تمام بینکوں کے ذریعے تجارتی بنیادوں پر گاڑیاں درآمد کی جاسکیں گی، جس سے مارکیٹ میں گاڑیوں کی دستیابی اور اقسام میں اضافہ ہوگا۔میاں شعیب نے کہا کہ کار ڈیلرز کی تنظیم باضابطہ طور پر تجارتی اداروں کے زمرے میں آتی ہے،
اس کے باوجود گاڑیوں کی درآمد کے معاملے میں مختلف مراحل پر بیوروکریٹک رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے اس پیش رفت میں تعاون کرنے پر ہارون اختر اور فیصل واوڈا کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے وضاحت کی کہ کمرشل بنیادوں پر گاڑیوں کی درآمد کی اجازت نئی آٹو پالیسی سے الگ معاملہ ہے۔ تاہم درآمد ہونے والی گاڑیوں کے لیے مقررہ حفاظتی ضوابط کی پابندی ضروری ہوگی، جبکہ شپمنٹ سے پہلے معائنہ (پری شپمنٹ انسپکشن) کی منظوری لینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس اقدام سے پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں آسانی اور صارفین کے لیے دستیاب ماڈلز کی تعداد بڑھنے کی توقع ہے۔



















































