ٹورنٹو (این این آئی)کینیڈا نے سال 2027 سے پاکستانیوں کے لیے امیگریشن کے دروازے کھول دیئے، جس سے کینیڈا میں مستقل رہائش کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی حکومت نے لیبر کی کمی کو دور کرنے اور ملک میں غیر ملکی کارکنوں اور بین الاقوامی گریجویٹس کو راغب کرنے کے لیے اپنے اہم پائلٹ امیگریشن پروگرام کو مستقل پرمیننٹ ریزیڈنسی (PR) پروگرام کو یکم جنوری 2027 سے مستقل پروگرام میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔اس فیصلے سے پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے اہل امیدواروں کے لیے کینیڈا میں مستقل رہائش کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔کینیڈا کی وزیر برائے امیگریشن لینا میٹلیج ڈیاب نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنا اور ہنرمند افراد کو ان علاقوں میں آباد ہونے کی ترغیب دینا ہے۔
یہ پروگرام اس وقت 14 کمیونٹیز میں جاری ہے، جن میں نووا اسکاٹیا، اونٹاریو، مینی ٹوبا، سسکیچیوان، البرٹا اور برٹش کولمبیا کے علاقے شامل ہیں۔ مستقبل میں مزید کمیونٹیز کو بھی اس پروگرام میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔کینیڈا کے 2027 سے 2029 کے امیگریشن پلان کے تحت اس پروگرام کے ذریعے 2027 میں 5 ہزار 500، 2028 میں 6 ہزار اور 2029 میں 6 ہزار 500 افراد کو مستقل رہائش دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت درخواست دینے کے لیے امیدوار کے پاس منظور شدہ آجر کی جانب سے ملازمت کی پیشکش اور متعلقہ کمیونٹی کی سفارش ہونا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ متعلقہ شعبے میں کم از کم ایک سال کا تجربہ، تعلیمی قابلیت، انگریزی یا فرانسیسی زبان کی مہارت اور کینیڈا میں قیام کے لیے مطلوبہ مالی وسائل بھی درکار ہوں گے۔اہل درخواست گزار اپنے پی آر کی درخواست پر کارروائی کے دوران دو سال کے آجر کے لیے مخصوص ورک پرمٹ کے بھی اہل ہو سکتے ہیں جبکہ ان کے شریک حیات کو اوپن ورک پرمٹ مل سکتا ہے۔



















































