اسلام آباد (نیوز ڈیسک)خاتون اینکر ربیعہ احسن کے زیر استعمال دونوں موبائل فونز کا ابتدائی فرانزک تجزیہ مکمل کرلیا گیا ہے،
جس کے دوران اہم معلومات حاصل کی گئی ہیں۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن کے دونوں موبائل فونز پر کوئی پاس ورڈ یا لاک کوڈ موجود نہیں تھا، جس کے باعث پولیس کو ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری پیش نہیں آئی۔ تفتیشی ٹیم نے ربیعہ اور ان کے شوہر کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ چیٹ کا بھی جائزہ لیا، تاہم پیغامات میں کسی قسم کے گھریلو تنازع یا اختلاف کا ثبوت نہیں ملا۔پولیس ذرائع کے مطابق موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ کو مقدمے کے چالان کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ تفتیشی شواہد عدالت میں پیش کیے جاسکیں۔دوسری جانب پولیس ملزم احسن کو پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور لے کر روانہ ہوگئی ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق جائے وقوعہ اور پوسٹ مارٹم کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں کا بھی سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کرایا جائے گا۔پولیس نے ملزم احسن کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے نتائج کو کیس کی تفتیش میں اہم شواہد کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔



















































