بہاولنگر(این این آئی)بہاولنگر کے نواحی علاقے جسینکا میں آوارہ کتوں کے حملے نے ایک معصوم بچی کی جان لے لی۔
12 سالہ طالبہ ریحانہ مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے جا رہی تھی کہ راستے میں کتوں کے ایک غول نے اس پر حملہ کر دیا۔ کتوں نے بچی کو بری طرح نوچ ڈالا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکی۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، بہاولنگر کے تھانہ تخت محل کی حدود میں واقع گاں جسینکا میں 12 سالہ طالبہ ریحانہ مدرسے میں پڑھنے کے لیے گھر سے نکلی تو راستے میں آوارہ کتوں کے ایک غول نے اس پر حملہ کر دیا۔
کتوں نے بچی کو بری طرح بھنبھوڑ ڈالا، جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کمسن بچی کی المناک موت نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ دوسری جانب آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے جاری مہم کی افادیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ تھانہ تخت پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔



















































