اسلام آباد( این این آئی)حکومت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے 300 ارب روپے کی ایکسپورٹ فنانس سکیم مختص کردی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اب سکیم کے تحت صرف ایس ایم ایز قرض حاصل کرسکیں گے، زرعی شعبے سے وابستہ اہل کاروبار بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی ہدایت پر مختص کی گئی رقم میں زرعی ایس ایم ایز بھی شامل ہوں گے۔ سکیم کے تحت اب صرف وہ کاروبار قرض حاصل کرسکیں گے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی مقررہ تعریف پر پورا اتریں گے۔
نئے قرض لینے والوں کیلئے الگ کیٹیگری ختم کردی گئی ہے، اب انہیں بھی ایس ایم ای کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔وزارت خزانہ کے مطابق ایگزم بینک نے شریک کمرشل بینکوں کو نئی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے۔ حکومتی اقدام کا مقصد چھوٹے کاروباروں کی برآمدات میں اضافہ اور انہیں آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔



















































