لاہور( این این آئی)کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی بیرک میں چہل قدمی کے دوران اچانک چکر آنے سے گر پڑے جس کے نتیجے میں ان کے جسم پر چوٹیں آئیں۔شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق گرنے کے باعث شاہ محمود قریشی کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں ۔جیل حکام نے ان کے خون کے نمونے حاصل کرکے شوکت خانم ہسپتال بھجوا دئیے ہیں۔
بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کے مشورے پر شاہ محمود قریشی کے سی ٹی اسکین اور مزید علاج معالجے کے لیے درخواست دائر کی جا رہی ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کو پیش آنے والے واقعے کے بعد ان کی طبی صورتحال کے جائزے اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قانونی درخواست دائر کی جائے گی۔



















































