اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 10 روپے کے کاغذی نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ نئے نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کے لیے جدید سکیورٹی خصوصیات شامل کی جائیں گی، جبکہ ان کی تیاری میں زیادہ پائیدار مٹیریل استعمال کیا جائے گا۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے بعد انتظامی اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس فیصلے کے تحت گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اختیارات کے استعمال سے متعلق اپنی کارکردگی اور پیش رفت کی ماہانہ رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کریں گے۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ گورنر کی سربراہی میں ایک ایڈوائزری کونسل قائم کی جائے گی، جو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کردی ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں قانون سازی سے متعلق مختلف معاملات پر ہونے والے متعدد اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔



















































