اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سیالکوٹ کے ڈسکہ روڈ پر ٹک ٹاکر کی جانب سے منعقد کی جانے والی محفلِ سماع اور قوالی نائٹ کا پروگرام ضلعی انتظامیہ نے این او سی کی خلاف ورزی کے باعث شروع ہونے سے پہلے ہی منسوخ کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق تقریب کے انعقاد کے لیے جاری اجازت نامے میں واضح کیا گیا تھا کہ پروگرام نمازِ عشا کے بعد شروع ہوگا، تاہم منتظمین کی جانب سے مقررہ وقت سے پہلے ہی شام تقریباً چار بجے انتظامات میں بے ضابطگیوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موصولہ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ایونٹ کا این او سی منسوخ کردیا۔ انتظامیہ نے ممکنہ خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریب شروع ہونے سے قبل ہی اجازت واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب سیالکوٹ میں معروف ٹک ٹاکر کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق اور 13 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب ڈسکہ روڈ پر واقع ایک اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی تھی، جہاں عوام کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ تقریب میں انعامات کی قرعہ اندازی کا اعلان بھی کیا گیا تھا، جس کے باعث اسٹیڈیم کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور بعد ازاں بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوئی۔



















































