واشنگٹن(این این آئی)بین الاقوامی کوریئر کمپنی ملازم کی معمولی غفلت امریکا کو مہنگی پڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریڈار سے پوشیدہ رہنے والے جدید امریکی ایف 35لڑاکا طیارے کے پرزے چین کے ہاتھ لگ گئے جس میں کاک پٹ کے اوپر کا حصہ اور ہتھیاروں کے خانے کے دروازے شامل تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پرزوں کو ممکنہ مرمت یا تلفی کیلئے مئی کے اواخر میں امریکا واپس بھیجا جا رہا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پرزے امریکی اسلحہ برآمدی قوانین کے دائرے میں آتے ہیں اور انہیں بعض ممالک سے گزارنے کی اجازت نہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق لاجسٹک کمپنی نے دشمن کی پہنچ سے حساس ہتھیاروں کی ٹیکنالوجی دور رکھنے کے امریکی قانون کے تحت پارسل سروس کو پرزہ جات کی شپمنٹ ہانگ کانگ کے راستے نہ بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔
کمپنی ملازم ای میل نہ دیکھ سکا اور آسٹریلیا سے روانگی میں تاخیر کے بعد جلدی بھجوانے کیلئے شپمنٹ جنوبی کوریا اور تائیوان کے بجائے ہانگ کانگ کے راستے سان فرانسسکو روانہ کر دی۔معاملے سے باخبر ذرائع کے مطابق ضبط شدہ پرزے واپس دینے کی پینٹاگون کی درخواست چین نے مسترد کر دی ہے۔



















































