اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، جس کے بعد ملک بھر کے صارفین کو اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کے نرخوں میں یہ اضافہ اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کیلئے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے اضافی رقم اکتوبر کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث صارفین پر مجموعی طور پر تقریباً 19 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ منتقل ہوگا۔
تاہم بجلی کی قیمت میں ہونے والے اس اضافے سے لائف لائن صارفین مستثنیٰ ہوں گے اور ان پر اضافی رقم لاگو نہیں کی جائے گی۔



















































