اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) سعودی عرب نے نومبر کے لیے ایشیائی خریداروں کو فراہم کیے جانے والے خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا،
جس کے بعد خطے کے لیے تیل کی قیمتیں تقریباً 6 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے ایشیا کے برعکس شمال مغربی یورپ اور بحیرہ روم کے خطے کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
سعودی تیل کمپنی آرامکو نے نومبر میں ایشیا کو فروخت کیے جانے والے عرب لائٹ خام تیل کی سرکاری قیمتِ فروخت عمان اور دبئی کی اوسط قیمت کے مقابلے میں 5 ڈالر فی بیرل کم مقرر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ قیمت اکتوبر کے مقابلے میں بھی 3 ڈالر فی بیرل کم ہے، جس کے باعث ایشیائی مارکیٹ کے لیے سعودی خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آرامکو نے صرف عرب لائٹ کی قیمت کم نہیں کی بلکہ ایشیا کو فراہم کیے جانے والے خام تیل کے دیگر گریڈز، عرب میڈیم اور عرب ہیوی، کے نومبر کے سرکاری نرخوں میں بھی 5 ڈالر فی بیرل کمی کردی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے ایشیائی مارکیٹ کے لیے قیمتوں میں یہ کمی عالمی تیل مارکیٹ میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جبکہ یورپ کے شمال مغربی حصے اور بحیرہ روم کے خطے کے لیے قیمتوں میں اس کے برعکس اضافہ کیا گیا ہے۔



















































